ڈھاکہ ،8 مئی (یو این این )بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا لیے ہیں، جس سے ٹیم ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن نظر آتی ہے۔اگرچہ پاکستانی بالرز نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی، لیکن وہ رنز کی رفتار کو روکنے میں ناکام رہے۔۔پاکستان کی طرف سے اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔ میچ کا آغاز ہوتے ہی پاکستانی فاسٹ بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 18 رن پر گری جب محمود الحسن 8 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ دوسری وکٹ 37 رنز پر گری جب شادمان اسلام کو 13 رن پر حسن علی نے آؤٹ کیا۔
بعدازاں بنگلہ دیشی بیٹرز وکٹ پر ڈٹے رہے اور کھانے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز تک پہنچا دیا۔ دوسرے سیشن میں بھی بنگلہ دیشی بیٹرز مومن الحق اور نجم الحسین کریز پر جمے رہے اور دونوں بیٹرز نے بڑی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 200 تک پہنچایا۔
بنگلا دیش کی تیسری وکٹ 201 رنز پر گری جب نجم الحسین 101 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
مومن الحق (91)نے مشفق الرحیم کے ہمراہ چوتھی وکٹ پر 75 رنز کی مزید شراکت قائم کی۔ کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنالیے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی، شاہین آفریدی، محمد عباس اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ گھٹنے کی انجری کے باعث بابر اعظم اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ سلہٹ میں 16 مئی سے شروع ہو گا۔









