لکھنو7مئی: سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کولکاتہ میں آج مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ اس دوران اکھلیش یادو نے ممتا بنرجی سے کہا کہ ’’دیدی آپ ہاری نہیں ہیں۔‘‘ اس دوران ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی بھی وہاں موجود تھے، انہوں نے اکھلیش یادو کا گلے مل کر استقبال کیا۔ اس سے قبل کولکاتہ پہنچے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں جو کچھ ہوا ہے وہ جمہوریت کو ختم کرنے کا طریقہ ہے۔ شاید کسی نے بھی جمہوریت کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا ہوگا جتنا بی جے پی نے پہنچایا ہے۔ بی جے پی کی آنکھوں میں دیدی کھٹکتی ہے، یہ لوگ کسی خاتون کو آگے بڑھتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ یہاں ووٹنگ تو ضرور ہوئی ہے لیکن لوگوں نے اپنی مرضی سے زیادہ دباؤ میں آ کر ووٹ دیا ہے۔ کولکاتہ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی آنکھوں میں دیدی کھٹکتی ہے کیونکہ وہ نصف آبادی کی نمائندگی کرتی ہیں۔ بی جے پی کی سوچ جاگیردارانہ ہے، ان کے لوگ پدرشاہی ذہنیت کے ہیں یہ لوگ خاتون کو بڑھتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اکھلیش یادو کے مطابق جتنے بھی ادارے ہیں ان کا کام ہے منصفانہ انتخاب کرانا لیکن ان تمام نے اپنی ساکھ کھو دی ہے۔ جب اترپردیش میں ضمنی انتخاب ہوئے تو فوج کو تعینات کر کے ووٹنگ روک دی گئی تھی۔ بنگال میں جمہوریت کو برباد کرنے کا ایک طریقہ نکال لیا گیا ہے۔ یہاں ووٹنگ تو ہوئی ہے، لیکن لوگوں نے دباؤ میں آ کر ووٹ ڈالا ہے۔ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ بی جے پی بنگال میں اتنی نفرت بھری اور منفی سیاست کرے گی۔