نئی دہلی 7مئی: آپریشن سندور کا ایک سال پورا ہوگیا ہے۔ اس موقع پر فوج کی جانب سے ایک خصوصی ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیونے اس رات کی یادیں تازہ کر دیں جب ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ یہ ویڈیو نہ صرف فوجی کارروائی کی ایک جھلک پیش کرتی ہے بلکہ اس پیغام کو بھی دہراتی ہے کہ ہندوستان اب دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ویڈیو میں پرائم منسٹر نریندر مودی کا ایک بیان بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی شناخت کرکے سزا دے گا۔ آپریشن سندور 7 مئی 2025 کو رات 1:05 پر شروع ہوا۔ یہ وہ وقت تھا جب ہندوستانی فوج نے پاکستان اور پی او کے میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ آپریشن 22 اپریل 2025 کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کیا گیا تھا، جس میں 26 ہندوستانی شہری مارے گئے تھے۔ فوج کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو صرف 25 منٹ میں نشانہ بنایا گیا، اور 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔ اس آپریشن میں لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔