بھوپال 7 مئی: وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھوپال کے شہریوں کو بھوپال میونسپل کارپوریشن کے نئے ہیڈکوارٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی کلین اور گرین راجدھانی، جھیلوں کے شہر بھوپال کی یہ عمارت بہتر حکمرانی کی علامت بنے گی۔ بھارت رتن سے سرفراز سابق وزیرِ اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی نے عوامی خدمت کو حکمرانی کی بنیاد قرار دیا تھا۔ انہی کے نام پر قائم ‘‘اٹل بھون’’ آسان، منظم اور شفاف خدمات کا مرکز ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو بھوپال میونسپل کارپوریشن کے نئے تعمیر شدہ ہیڈکوارٹر ‘‘اٹل بھون’’ کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید عمارت شہر میں بہتر حکمرانی، شہری سہولیات اور ترقی کے نئے عزم کی علامت بنے گی۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے فیتہ کاٹ کر عمارت کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ انہوں نے نئی عمارت کا معائنہ کیا اور صفائی عہد پٹ لپر لکھا: ’بھوپال صفائی میں رہے گا نمبر ون‘۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ضلع نیمچ کے دیوری گاؤں میں تقریباً 14 کروڑ روپے کی لاگت سے پی پی پی موڈ پر تیار کی گئی سولر انرجی پروجیکٹ کا بھی ریموٹ کے ذریعے افتتاح کیا۔ تقریب میں انہیں شال اور یادگاری نشان پیش کر کے استقبال کیا گیا۔ انہوں نے شھنائی بجانے والے مسٹر کلّو بھائی اور ان کے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 5-5 ہزار روپے دینے کی ہدایت بھی دی۔ اس موقع پر بھوپال کے انچارج اور ایم ایس ایم ای وزیر مسٹر چیتنیہ کاشیپ، پسماندہ طبقات و اقلیتی بہبود کی وزیرِ مملکت محترمہ کرشنا گور، شہری ترقی و رہائش کی وزیرِ مملکت محترمہ پرتیما باگری، بھوپال کی میئر محترمہ مالتی رائے، اراکین اسمبلی مسٹر رامیشور شرما، مسٹر بھگوان داس سبنانی، مسٹر وشنو کھتری اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھوپال میونسپل کارپوریشن کی یہ عمارت گرین بلڈنگ تصور پر مبنی ہے۔ اس کی منصوبہ بندی اس مقصد سے کی گئی ہے کہ شہریوں کو تمام سہولیات ایک ہی مقام پر مل سکیں۔ عمارت میں سورج کی روشنی اور ہوا کی مناسب نکاسی کا انتظام ہے، جو بھارتی روایتی طرزِ تعمیر کے اصولوں کے مطابق ہے۔ یہ عمارت اپنی توانائی کی ضروریات خود پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج نیمچ کے دیوری گاؤں میں قائم 10.5 میگاواٹ کے سولر انرجی پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔
اس عمارت کو بجلی اوپن ایکسس کے ذریعے نیمچ پلانٹ سے فراہم کی جائے گی۔ پارکنگ میں بھی سولر انرجی پلانٹ لگایا جا رہا ہے۔ یہ عمارت توانائی میں خود کفالت اور ماحولیات کے تحفظ کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی راجدھانی بھوپال کی اہمیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور اسے میٹروپولیٹن شہر کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔ رائے سین، سیہور، ودیشا اور راج گڑھ کو بھوپال سے جوڑ کر یہ علاقہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ جمہوریت میں مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور بلدیاتی ادارے عوام کے جذبات کے اظہار اور عوام کے لیے عوام کی حکومت کے اہم ستون ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک، ریاست اور شہری و دیہی سطح پر مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقی اور عوامی فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم مودی کی قیادت میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت دنیا کے سامنے مثال قائم کر رہا ہے، جبکہ کئی ممالک اپنے وجود کے بحران سے دوچار ہیں۔ ان حالات کے باوجود بھارت ترقی کے نئے معیار قائم کر رہا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر مودی کی قیادت میں مذہب اور ثقافت کے وقار کا دور چل رہا ہے۔ ایودھیا میں بھگوان شری رام کے مندر کی تعمیر، ناری شکتی وندن قانون یا پڑوسی ممالک کے ناپاک عزائم کے خلاف کارروائیاں — ان سب سے عام بھارتی کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر میں تبدیلی آئی ہے اور اب کشمیر کے لوگ بھی بھارت کے ساتھ مل کر دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ‘‘کسان فلاح سال’’ کے تحت کسانوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔