نئی دہلی،4 مئی (یو این آئی) جرمنی کے شہر بٹبرگ میں منعقدہ ‘جرمن پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2026’ میں ہندوستانی پاور لفٹرز نے تاریخ رقم کر دی۔ معروف کوچ دروناچاریہ بھوپیندر دھون کے شاگردوں، سریندر سنگھ اور گردت سنگھ نے مجموعی طور پر 7 طلائی تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔
یکم مئی سے 3 مئی تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں اپنی دھاک بٹھائی۔ تجربہ کار کھلاڑی سریندر سنگھ نے ماسٹرز بینچ پریس، اوپن بینچ پریس، ماسٹرز ڈیڈ لفٹ اور اوپن ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں چاروں طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ نوجوان ایتھلیٹ گردت سنگھ نے جونیئر فل پاور لفٹنگ میں مجموعی طور پر 700 کلوگرام (ڈیڈ لفٹ 290 کلو، بینچ پریس 160 کلو اور اسکواٹس 250 کلو) وزن اٹھا کر سونے کا تمغہ جیتا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنگل بینچ پریس اور سنگل ڈیڈ لفٹ میں بھی مزید دو طلائی تمغے حاصل کیے۔









