بھوپال، 18 اپریل: مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیرِ اہتمام آج اندرا بھون بھوپال میں ریاست کے تمام ضلع انچارجوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ریاست کے انچارج ہریش چودھری اور پردیش کانگریس صدر جناب جیتو پٹواری نے کی۔ اس موقع پر تنظیم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے پروگراموں اور حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں خاص طور پر کانگریس پارٹی کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے، کارکنوں کی سرگرمیوں میں اضافے اور تنظیم کو نچلی سطح پر مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ تمام ضلع انچارجوں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تنظیمی سرگرمیوں کو تیز کریں اور عوامی مسائل کو موثر انداز میں اٹھاتے ہوئے کانگریس کے نظریات کو گھر گھر تک پہنچائیں۔
اس اہم میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آنے والے وقت میں ایک وسیع عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی تاکہ پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں سے معاشرے کے ہر طبقے کو روشناس کرایا جا سکے۔ اجلاس میں ریاست کے نائب صدر جناب سکھدیو پانسے، تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب سنجے کاملے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹریز محترمہ اوشا نائیڈو اور جناب سنجے دت سمیت ریاست کے تمام سینئر ضلع انچارج موجود تھے۔ قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف مضبوطی سے لڑنے کے لیے تنظیم کا زمینی سطح پر طاقتور ہونا ناگزیر ہے۔









