بھوپال، 18 اپریل: حج کمیٹی آف انڈیا کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق، حج 2026 کے مقدس سفر کے لیے مدھیہ پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے عازمینِ حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ آج مورخہ 18 اپریل 2026 کو ممبئی ایئرپورٹ سے مدھیہ پردیش کے عازمین کی پہلی حج پرواز سعودی ایئر لائنز کے طیارہ نمبر SV-5937 کے ذریعے صبح 6.35 بجے روانہ ہوئی۔ اس پہلی پرواز میں ریاست کے 10 عازمینِ حج شامل تھے، جن میں 5 مرد اور 5 خواتین مسافر ہیں۔ ان عازمین کا تعلق بھوپال، ساگر اور اجین اضلاع سے ہے۔
اسی طرح دوسری حج پرواز بھی آج ہی سعودی ایئر لائنز کے طیارہ نمبر SV-5939 کے ذریعے شام 7.58 بجے ممبئی سے روانہ ہوئی۔ اس دوسری فلائٹ میں مدھیہ پردیش کے مجموعی طور پر 30 عازمینِ حج سوار ہوئے، جن میں 16 مرد اور 14 خواتین شامل ہیں۔ ان عازمین کا تعلق ریاست کے مختلف اضلاع بشمول بھوپال، دھار، مشرقی نماڑ، اندور، اشوک نگر، ریوا اور علی راج پور سے ہے۔ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے روانہ ہونے والے تمام حاجیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ تمام عازمینِ حج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سفر کے حوالے سے تازہ ترین معلومات کے لیے کمیٹی کی ویب سائٹ سے مسلسل رابطے میں رہیں۔









