ممبئی :16؍اپریل :پنجاب کنگز نے آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں مسلسل چوتھی جیت حاصل کر لی ہے۔ ٹیم نے جمعرات کو ممبئی انڈینز کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ یہ ممبئی کے خلاف پنجاب کی لگاتار تیسری جیت ہے۔ ٹیم نے پچھلے سیزن میں بھی دونوں میچ جیتے تھے۔ اس جیت کے ساتھ پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہو گئی ہے۔ ٹیم کے پاس اب 9 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔پنجاب کی طرف سے پربھاسمرن سنگھ نے 80رن ناقابل شکست اننگ کھیلی، جبکہ شیریس ایر 66رن بناکرآؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں اوپنر کوئنٹن ڈی کاک (112 ناٹ آؤٹ) کی جارحانہ سنچری اور نمن دھیر (50) کی نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینس نے پنجاب کنگز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز کا بڑا اسکور بنا لیا ہے۔
ممبئی انڈینز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ پنجاب کے اسٹار فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے تیسرے ہی اوور میں ممبئی کو دوہرے جھٹکے دیے۔ریان ریکلیٹن (2 رنز) پر پویلین لوٹ گئے۔سوریہ کمار یادو بغیر کوئی رن بنائے (صفر) ارشدیپ کا شکار بنے۔صرف دو رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور نوجوان بلے باز نمن دھیر نے نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ پنجاب کے بولرز پر جوابی حملہ بھی کیا۔دونوں کے درمیان 122 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔نمن نے صرف 31 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ انہیں 14ویں اوور میں ششانک سنگھ نے آؤٹ کیا۔ایک طرف سے وکٹیں گرتی رہیں لیکن کوئنٹن ڈی کاک کریز پر جمے رہے۔ انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شاٹس کھیلے۔ڈی کاک نے محض 60 گیندوں پر 8 چوکوں اور 7 فلک بوس چھکوں کی مدد سے 112 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ کپتان ہاردک پانڈیا (14 رنز) مارکو جانسن کی گیند پر ایک شاندار کیچ کے نتیجے میں آؤٹ ہوئے۔ شرفین ردرفورڈ (1) ارشدیپ کی گیند پر بولڈ ہوئے، جبکہ تلک ورما (8) رن آؤٹ ہوئے۔پنجاب کی جانب سے ارشدیپ سنگھ سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ششانک سنگھ اور مارکو جانسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔اب پنجاب کنگز کو یہ میچ جیتنے کے لیے 196 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرنا ہوگا۔