میڈرڈ ،7 اپریل (یواین آئی )ریئل میڈرڈ کے اسٹار فارورڈ ونیشیئس جونیئر نے بارسلونا کے نوجوان کھلاڑی لامین یامل کی جانب سے میچ کے دوران مسلم مخالف نعروں کی مذمت کرنے پر ان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ برازیلین اسٹار کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے میدانوں سے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے کھلاڑیوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گزشتہ ہفتے اسپین اور مصر کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ کے دوران ہسپانوی شائقین کی جانب سے نازیبا اور مسلم مخالف نعرے لگائے گئے تھے۔
بارسلونا کے مسلم کھلاڑی لامین یامل نے اس رویے کو ناقابلِ برداشت اور توہین آمیز” قرار دیا تھا۔لامین یامل کا تعلق مراکش سے ہے۔چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ونیشیئس نے کہا:
یہ بہت اہم ہے کہ لامین نے اس مسئلے پر آواز اٹھائی۔ ہم مشہور ہیں اور وسائل رکھتے ہیں، اس لیے ہم ان چیزوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں، لیکن وہ غریب اور سیاہ فام لوگ جو روزانہ اس جدوجہد سے گزرتے ہیں، ان کے لیے آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے۔ونیشیئس جونیئر، جو خود بھی کئی بار نسل پرستانہ جملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، نے واضح کیا کہ وہ کسی ملک کو مجموعی طور پر نسل پرست نہیں کہہ رہے، لیکن ہر جگہ ایسے عناصر موجود ہیں جن کے خلاف لڑنا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ کھلاڑی متحد رہے تو مستقبل کی نسل کو ایسے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔یاد رہے کہ لامین یامل نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ اسٹیڈیم میں “وہ جو چھلانگ نہیں لگاتا، وہ مسلمان ہے” جیسے نعرے سن کر انہیں شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو تمسخر کا نشانہ بنانا جہالت اور نسل پرستی کی بدترین شکل ہے۔