ممبئی، 26 مارچ (یو این آئی): ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم سال 2026-27 کے دوران اپنے گھریلو میدانوں پر چار ممالک کے خلاف 17 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 22 بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعرات کو بتایا کہ ہندوستانی مردوں کی ٹیم آئندہ 2026-27 کے سیزن میں اپنے ملک میں 22 بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرے گی۔ ہندوستان کے اس ہوم سیزن کا کیلنڈر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پانچوں ٹیسٹ ناگپور، چنئی، گوہاٹی، رانچی اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ٹیم انڈیا کا یہ سال کافی مصروف رہنے والا ہے۔ چار ممالک کی ٹیمیں دو طرفہ سیریز کھیلنے ہندوستان پہنچ رہی ہیں۔ دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز (27 ستمبر تا 17 اکتوبر) سے ہوگا، جس کے بعد سری لنکا (13 تا 27 دسمبر)، زمبابوے (3 تا 9 جنوری) اور آخر میں آسٹریلیا (21 جنوری تا 7 مارچ) کا چیلنج ہوگا۔
خاص بات یہ ہے کہ زمبابوے کی ٹیم پورے 24 سال بعد ہندوستان کی سرزمین پر کوئی دو طرفہ سیریز کھیلنے اترے گی۔ اس کے علاوہ، بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں بھی پھر سے انٹرنیشنل کرکٹ کی رونق لوٹے گی۔ گزشتہ سال جون میں یہاں مچی بھگدڑ میں 11 افراد کی موت ہو گئی تھی، جس کے بعد سے یہاں کوئی بڑا میچ نہیں ہوا تھا۔ اب 17 اکتوبر کو کیریبیائی ٹیم اور 16 دسمبر کو سری لنکن ٹیم کے خلاف ہونے والے میچوں سے اس میدان کی واپسی ہوگی۔
بنگلورو کے ساتھ ساتھ گوہاٹی، حیدرآباد، رانچی اور احمد آباد کو اس سیزن میں دو دو میچوں کی میزبانی ملی ہے۔ گوہاٹی کا میدان گزشتہ سال نومبر میں اپنا پہلا ٹیسٹ منعقد کرنے کے بعد اب لگاتار دوسرے سال ٹیسٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔دہلی میں 13 دسمبر کو ہونے والا ون ڈے بھی سرخیوں میں ہے۔ سردیوں میں یہاں اسموگ اور آلودگی کا مسئلہ کھلاڑیوں کے لیے مشکل کھڑی کرتا رہا ہے، جیسا کہ 2017 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں دیکھا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ بورڈ نے گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی شیڈول میں تبدیلی کی ہے تاکہ دہلی میں دیوالی کی آلودگی کے وقت میچ نہ ہو۔ دوسری طرف کولکتہ اور ممبئی کے تاریخی میدانوں پر زمبابوے کے خلاف ون ڈے مقابلے کھیلے جائیں گے۔
ہندوستان کا 2026-27 گھریلو پروگرامویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے: ترواننت پورم (27 ستمبر)، گوہاٹی (30 ستمبر)، نیو چنڈی گڑھ (3 اکتوبر)
ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی-20: لکھنؤ (6 اکتوبر)، رانچی (9 اکتوبر)، اندور (11 اکتوبر)، حیدرآباد (14 اکتوبر)، بنگلورو (17 اکتوبر)
سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے: دہلی (13 دسمبر)، بنگلورو (16 دسمبر)، احمد آباد (19 دسمبر)۔
سری لنکا کے خلاف تین ٹی-20: راجکوٹ (22 دسمبر)، کٹک (24 دسمبر)، پونے (27 دسمبر)۔
زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے: کولکتہ (3 جنوری)، حیدرآباد (6 جنوری)، ممبئی (9 جنوری)۔
آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ: ناگپور (21-25 جنوری)، چنئی (29 جنوری-2 فروری)، گوہاٹی (11-15 فروری)، رانچی (19-23 فروری)، احمد آباد (3-7 مارچ)۔









