مالے (مالدیپ)، 26 مارچ (یو این آئی) راؤنڈ گلاس پنجاب ایف سی اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی انڈر-20 مردوں کی نیشنل ٹیم کو مالدیپ میں جاری ‘سیف(ایس اے ایف ایف) انڈر-20 چیمپئن شپ میں پاکستان کے خلاف 3-0 سے شاندار جیت دلائی۔ مالے کے نیشنل فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں ‘بلیو کولٹس نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے اور ساتھ ہی پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ہندوستانی ٹیم نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا، جس میں اکیڈمی کے ٹیلنٹ نے ابتدائی گول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ کھیل کے محض تیسرے منٹ میں ہی گورناز سنگھ کے بہترین ‘تھرو بال’ پاس پر وشال یادو نے دباؤ کے باوجود گیند کو کنٹرول کیا اور گول کر کے ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ وشال یادو آئی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے پنجاب ایف سی کے تیسرے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔پہلے ہاف میں پاکستان نے واپسی کی کئی کوششیں کیں، لیکن ہندوستانی ڈیفنس اور گول کیپر سورج اہبام نے بہترین بچاؤ کرتے ہوئے ‘کلین شیٹ’ برقرار رکھی۔ دوسرا ہاف مکمل طور پر اومانگ ڈوڈم کے نام رہا۔ انہوں نے 64ویں منٹ میں رشی کے پاس پر شاندار ہیڈر کے ذریعے اسکور 2-0 کر دیا۔ اس کے بعد 88ویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی کو ڈوڈم نے گول میں بدل کر ہندوستان کی 3-0 سے فتح یقینی بنائی۔ ڈوڈم کو ان کی بہترین کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔خاص بات یہ ہے کہ ہندوستانی انڈر-20 ٹیم میں پنجاب ایف سی اکیڈمی کے چھ کھلاڑی (وشال، ڈوڈم، کرش سورم، اوشام سنگھ تھونگبا، رشی کانت میتئی اور انیکیت یادو) شامل ہیں، جو کلب کے مضبوط یوتھ سسٹم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستانی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہے اور اب 28 مارچ کو اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔