کرائسٹ چرچ، 25 مارچ (یواین آئی )کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پانچویں اور فیصلہ کن ٹی-20 میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان نیوزی لینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت لی۔ جنوبی افریقہ کی اس شاندار کامیابی کے ہیرو کونر ایسٹر ہاؤزن رہے، جنہوں نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوتا دکھائی دیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ چوتھے اوور میں صرف 12 رنز پر گر گئی جب ٹونی ڈی جورجی پویلین لوٹ گئے۔ تاہم، اس کے بعد روبن ہرمن (39) اور ویان ملڈر (31) نے 55 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو سہارا دیا۔اصل سنسنی کونر ایسٹر ہاؤزن کی آمد سے پیدا ہوئی۔ انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز کا مجموعہ کھڑا کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی۔
دوسرے ہی اوور میں کے. کلارک (2) کے آؤٹ ہونے کے بعد کیوی بلے باز جنوبی افریقی بالرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ اگرچہ ٹم رابنسن (25)، بی جیکبس (36) اور کپتان جمی نیشم (24) نے مزاحمت کی کوشش کی، لیکن وہ درکار رن ریٹ کا دباؤ برداشت نہ کر سکے۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 154 رنز ہی بنا سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوٹزی، ویان ملڈر اور اوٹنیل بارٹمین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کیشو مہاراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔