لاس اینجلس،23 مارچ (یو این آئی ) دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے میلے ‘اولمپکس میں 128 سالہ طویل انتظار کے بعد کرکٹ کی تاریخی واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کی تیاریوں کے سلسلے میں امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں پہلی مرتبہ ‘میجر لیگ کرکٹ’ (ایم ایل سی) کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو امریکی سرزمین پر کرکٹ کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہو گی۔ میجر لیگ کرکٹ کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے ‘نائٹ رائیڈرز کرکٹ فیلڈ’ میں ہو گا، جہاں افتتاحی مقابلے میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز اور واشنگٹن فریڈم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیگ کے دوران 4 جولائی کو امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر بھی خصوصی میچز منعقد کیے جائیں گے، جس سے کرکٹ کے رنگوں میں جشنِ آزادی کا تڑکا بھی لگے گا۔لیگ کے سربراہ جانی گریو نے ایونٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ”میجر لیگ کرکٹ کا انعقاد محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ امریکہ میں کرکٹ کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ پومونا فیئر گراؤنڈز لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کے کرکٹ مقابلوں کا مرکزی مقام ہو گا، اس لیے یہ لیگ کھلاڑیوں اور منتظمین دونوں کے لیے بہترین مشق ثابت ہو گی۔