نئی دہلی، 20 مارچ ( یو این آئی) ہاکی انڈیا نے قازقستان کی سینئر مینس ہاکی ٹیم کی ہندوستان آمد پر والہانہ استقبال کیا ہے۔ قازقستان کی ٹیم ان دنوں ہریانہ کے شہر سونی پت میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ( ایس اے آئی ) کے شمالی علاقائی مرکز میں ایک اعلیٰ سطحی تربیتی کیمپ میں حصہ لے رہی ہے۔یہ تربیتی کیمپ 10 سے 21 مارچ 2026 تک جاری رہے گا، جس کا مقصد ایشین گیمز کوالیفائرز 2026 کے لیے قازقستان کی ٹیم کو تیار کرنا ہے۔ سونی پت کا یہ مرکز ہندوستان کے بہترین ہاکی ٹریننگ سینٹرز میں سے ایک ہے، جہاں ٹیم کو جدید سنتھیٹک ٹرف، کنڈیشننگ کی سہولیات اور ایک مسابقتی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ہندوستان کی وزارت برائے نوجوانان اور کھیل اور ‘سائی (ایس اے آئی)) کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت ہندوستان کو کھیلوں کی عالمی مہارت کا مرکز بنانا اور بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا ہے۔