رایسین::20؍مارچ:رائسین ضلع کی غیرت گنج تحصیل کے گاؤں گڑھی میں سڑک کی تعمیر کے ساتھ عوامی سہولیات میں توسیع کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ گرام پنچایت نے اس سلسلے میں مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم پی آر ڈی سی)، بھوپال کو درخواست بھیج کر ضروری کام کرانے کی اپیل کی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ رایسین سے راحت گڑھ تک تقریباً 81 کلو میٹر طویل مرکزی سڑک کی تعمیر ایک نجی کمپنی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ یہ راستہ گاؤں گڑھی کی آبادی سے ہو کر گزرتا ہے، جہاں ٹریفک کا دباؤ کافی زیادہ رہتا ہے۔
گرام پنچایت گڑھی کے سرپنچ سید مسعود علی پٹیل نے اس سلسلے میں درخواست پیش کی ہے، جس میں آر اے سی فیول پیٹرول پمپ سے شیوا پیٹرول پمپ (کڑھیا) تک سڑک کے دونوں طرف تقریباً ایک ایک کلو میٹر کے علاقے میں نالیوں کی تعمیر کی ضرورت بتائی گئی ہے۔خصوصاً لوہاگڑھ ٹولا علاقے میں ہائر سیکنڈری اسکول، کھیل کا میدان اور دسہرہ میدان ہونے کی وجہ سے بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے مقامی لوگوں اور طلبہ کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی نالی اور سڑک کے درمیان خالی جگہ پر پیور بلاک لگانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ پیدل چلنے والوں کو سہولت ملے اور علاقے کی صفائی و خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔
مزید برآں، گڑھی بس اسٹینڈ پر مسافروں کے لیے نئے انتظار گاہ (ویٹنگ شیڈ) کی تعمیر اور مرکزی سڑک پر مناسب روشنی کے لیے اسٹریٹ لائٹس لگانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں ایم پی آر ڈی سی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ ایجنسی کو موقع پر سروے کر کے جلد از جلد ضروری کام شروع کرنے کی ہدایات دی۔