بنگلورو، 4 ستمبر (یو این آئی) رتوراج گائیکواڑ (184) کی سنچری اور تنوش کوٹیان (ناٹ آؤٹ 65) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ویسٹ زون نے جمعرات کو دلیپ ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں سنٹرل زون کے خلاف چھ وکٹ کے نقصان پر 363 رن بناکر بڑے اسکور کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔آج یہاں ویسٹ زون نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری ویسٹ زون کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے اپنے دونوں اوپنرز کو 10 رنز کے اسکور پر کھو دیا۔ یشسوی جیسوال (چار) اور ہاردک دیسائی (ایک) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد آریہ دیسائی اور رتوراج گائیکواڑ کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت ہوئی۔ 27 ویں اوور میں ہرش دوبے نے آریہ دیسائی (39) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ شریاس ائیر (25) اور شمس ملانی 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس دوران رتوراج گائیکواڑ ایک اینڈ کو تھامے ہوئے مسلسل رنز بناتے رہے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے تنوش کوٹیان نے رتوراج گائیکواڈ کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 148 رنز جوڑے۔ 75 ویں اوور میں سارانش جین نے ڈبل سنچری کی طرف بڑھ رہے رتوراج گائیکواڈ کو وکٹ کیپر اوپیندر یادو کے ہاتھوں اسٹمپڈ کروا کر ویسٹ زون کو بڑا جھٹکا دیا۔ رتوراج گائیکواڈ نے 206 گیندوں پر 184 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 25 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔دن کا کھیل ختم ہونے پر ویسٹ زون نے چھ وکٹوں پر 363 رنز بنا لیے ہیں۔ تنوش کوٹیان (65 ناٹ آؤٹ) اور کپتان شاردول ٹھاکر (24 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔سینٹرل زون کی جانب سے خلیل احمد اور سارانش جین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ دیپک چاہر اور ہرش دوبے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔