بھوپال یکم جون: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے صوبے میں یکساں شہری ضابطہ (یو سی سی) نافذ کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ موجودہ دور میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شادی شدہ خواتین کے لیے رائج الگ الگ رسم و رواج اور قوانین کی ضرورت نہیں ہے۔ مدھیہ پردیش کو اب یکساں شہری ضابطے کی جانب پیش رفت کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ملک کی تین ریاستوں، اتراکھنڈ، گجرات اور آسام میں یکساں شہری ضابطہ نافذ کیا جا چکا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت نے بھی یو سی سی (یونیفارم سول کوڈ) نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پیر کے روز وزارت میں میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں یہ معلومات فراہم کیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ صوبے میں یو سی سی کے لیے سپریم کورٹ کے ایک سابق جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مختلف شعبوں کے ماہرین کو اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی صوبے کے مختلف اضلاع میں مختلف مذاہب اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے تجاویز حاصل کرے گی۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیرِاعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاستی حکومت تمام طبقات کے ساتھ توازن اور ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے یکساں شہری ضابطہ نافذ کرنے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ریاست کی عوام دوست حکومت تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پْرعزم ہے۔ مدھیہ پردیش یکساں شہری ضابطہ نافذ کرنے کے لیے نہایت موزوں ریاست ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے یکساں شہری ضابطے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی شروع کی ہے، جس پر عام شہری اپنی تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔
اعظم گڑھ میں اجتماعی زیادتی کے 6 ملزمان گرفتار
اعظم گڑھ، یکم جون (یو این آئی) اتر پردیش میں اعظم گڑھ ضلع کے جہانا گنج تھانہ علاقے میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی (گینگ ریپ) کے سنسنی خیز معاملے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پیر کے روز تمام 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کی رپورٹ درج ہونے کے محض ایک دن کے اندر پولیس نے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔









