نئی دہلی4مئی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کیرالہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کی واضح اور فیصلہ کن جیت پر کیرالہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا، ’’کیرالہ کے میرے بھائیوں اور بہنوں کا شکریہ جنہوں نے واقعی فیصلہ کن مینڈیٹ دیا۔ یو ڈی ایف کے ہر لیڈر اور ورکر کو مبارکباد، سخت محنت اور بہترین مہم کے لیے۔ جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا، کیرالہ کے پاس ٹیلنٹ (قابلیت) ہے، پوٹینشل (امکانات) ہے اور اب کیرالہ کے پاس یو ڈی ایف کی ایک ایسی حکومت بھی ہے جو دونوں کو استعمال کرنے کی بصیرت رکھتی ہے۔ میں جلد ہی اپنی کیرالہ فیملی سے ملنے کا منتظر ہوں۔‘‘ قبل ازیں، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپگڑھی نے راہل گاندھی کی حکمت عملی کو جیت کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ یو ڈی ایف کی یکجہتی اور ملکارجن کھڑگے کی قیادت کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم کیرالہ میں سنچری لگانے جا رہے ہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی تعداد میں اضافہ ہونے سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ کانگریس لیڈر اور تلنگانہ فشرمین کوآپریٹو فیڈریشن کے صدر میٹو سائی کمار نے اس جیت کو کانگریس کارکنان کی محنت کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے بی جے پی پر آئینی اداروں کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جنوبی ہند کی ریاستوں میں بی جے پی اپنی معنویت کھو چکی ہے۔ آل انڈیا مہلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے بھی کیرالہ پر توجہ مرکوز رکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پانچ ریاستوں کے انتخابات کے نتائج سے واضح ہے کہ کیرالہ میں کانگریس اتحاد ہی حکومت بنائے گا۔ کیرالہ کانگریس کے صدر سنی جوزف نے عوام، پارٹی ورکرز اور اے آئی سی سی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ’شاندار جیت‘ قرار دیا۔
انہوں نے دسمبر کے لوکل باڈی انتخابات میں یو ڈی ایف کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تسلسل عوام کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔