نئی دہلی 4مئی: کیرالہ میں کانگریس اتحاد نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیٹوں کی سنچری کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ رجحانات میں کانگریس اتحاد 98 سیٹیں حاصل کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جن میں سے 28 سیٹوں پر فتح حاصل بھی ہو چکی ہے۔ یعنی سنچری سے کانگریس اتحاد محض 2 قدم پیچھے ہے۔ 140 سیٹوں والی اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے 71 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ اس شاندار جیت پر کانگریس کے سرکردہ رہنما کے سی وینوگوپال اور جے رام رمیش کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور لوک سبھا رکن کے سی وینوگوپال نے انتخابی نتائج کو عوامی جذبات میں ایک فیصلہ کن تبدیلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج پوری ریاست کیرالہ میں تبدیلی کی حامی لہر کے بارے میں اپوزیشن کے اندازے کو درست ثابت کرتے ہیں۔ پوری انتخابی مہم کے دوران ہم یہی کہتے رہے کہ ایک لہر بن رہی ہے۔ یہاں تک کہ جب ایگزٹ پول نے اس کے برعکس اشارے دیے، تب بھی ہمیں کامل جیت کا یقین تھا اور ہم 100 سیٹوں کا اعداد و شمار عبور کرنے کی امید کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اندازہ زمینی سطح پر مسلسل ملنے والے فیڈ بیک پر مبنی تھا۔ ہم ووٹرس کی نبض بھانپ سکتے تھے، اور آج کا فیصلہ اسی احساس کو ظاہر کرتا ہے۔









