بھوپال:22؍جولائی:(پریس ریلیز) تعلیم کے ساتھ کھیل کے میدان میں بھی جامعہ حفظ القرآن، چندن نگر بھانپور کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بھوپال ضلع ووشو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ 26ویں بھوپال ضلع ووشو چیمپئن شپ-2026 میں مدرسے کے طلبہ نے گولڈ میڈل جیت کر نہ صرف مدرسے بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا۔
یہ مقابلہ 18 اور 19 جولائی 2026 کو مہارشی کڈز ہوم، ایودھیا نگر، بھوپال میں منعقد کیا گیا۔ یہ چیمپئن شپ بھوپال ضلع ووشو ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہوئی، جو مدھیہ پردیش ووشو ایسوسی ایشن، مدھیہ پردیش اولمپک ایسوسی ایشن اور کھیل و نوجوان بہبود کے محکمہ، حکومت مدھیہ پردیش سے تسلیم شدہ ہے۔مقابلے میں جامعہ حفظ القرآن کے طلبہ نے 313 ووشو سوشل اسپورٹس اکیڈمی کی جانب سے حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے کل 9 ایونٹس میں مدرسے کے کھلاڑیوں نے شرکت کی اور بہترین تکنیک، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ جامعہ حفظ القرآن کے تمام فاتح طلبہ اب آئندہ ریاستی سطح کی ووشو مقابلے کے لیے کوالیفائی کر گئے ہیں۔ اب یہ کھلاڑی بھوپال ضلع کی نمائندگی کرتے ہوئے ریاستی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
مدرسے کے ناظم حافظ اسمٰعیل بیگ، صدر جمعیت علماء ضلع بھوپال و جامعہ کے اساتذہ اور 313 ووشو سوشل اسپورٹس اکیڈمی کے کوچوں اور عہدیداروں نے طلبہ کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارے طلبہ دینی اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ ہماری محنت اور بچوں کی لگن کا نتیجہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ریاستی سطح پر بھی ہمارے طلبہ اسی طرح شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ یہ تمام طلبہ ٹرینر سلمان خان، اکیڈمی کے صدر ایم آئی خان اور اکیڈمی کے سیکرٹری ایچ آئی بیگ کی نگرانی میں 313 ووشو سوشل اسپورٹس اکیڈمی میں داخلہ لے کر باقاعدہ تربیت حاصل کر رہے ہیں اور اکیڈمی کی جانب سے ہی مقابلے میں شریک ہو رہے ہیں۔چیمپئن شپ میں بھوپال ضلع ووشو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور کھیل سے محبت کرنے والوں نے بھی فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔









