نئی دہلی:10؍نومبر(پریس ریلیز) سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گزشتہ اتوار، 8 نومبر 2026ء کو تسمیہ آڈیٹوریم، جامعہ نگر، نئی دہلی میں دو اہم کتابوں ’’بچھڑ کے تجھ سے‘‘ (اسعد بدایونی کی غزلوں کا مجموعہ) اور ’’غمزدہ اور بھی ہیں شہر میں‘‘ (فن اور شخصیت: اسعد بدایونی) کی تقریبِ رسمِ رونمائی نہایت تزک و احتشام اور ادبی وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔ دوسری کتاب ہندی دیوناگری رسمِ الخط میں شائع کی گئی ہے۔ تقریب میں شہر اور بیرونِ شہر سے تعلق رکھنے والی ممتاز علمی و ادبی شخصیات، شعراء، ناقدین اور ادب نواز سامعین نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت صدرِ محترم جناب ڈاکٹر سید فاروق صاحب نے فرمائی، جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پدم شری جناب اخترالواسع صاحب نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر خالد محمود صاحب، صاحبِ اعزاز پروفیسر شہپر رسول صاحب، پروفیسر ابوبکر عباد صاحب، پروفیسر خورشید صاحب، ڈاکٹر رخشندہ روحی صاحبہ، حقانی القاسمی صاحب اور سہیل آزاد صاحب سمیت متعدد ممتاز علمی و ادبی شخصیات موجود تھیں۔تقریب میں موجود تمام پروفیسر صاحبان نے اسعد بدایونی کی شخصیت اور فن پر سیر حاصل گفتگو کی۔ حقانی القاسمی صاحب اور سہیل آزاد صاحب نے اپنی تقریریں پیش کی جبکہ رضوان خان اپنے استاد ِ محترم اسعد بدایونی کو یاد کرتے جذباتی ہو گے۔ پدم شری اخترالواسع صاحب نے کتابوں کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی اور ’’غمزدہ اور بھی ہیں شہر میں‘‘ کو اردو رسمِ الخط میں بھی شائع کرنے کی ہدایت فرمائی۔تقریب کی نظامت جناب عرفان اعظمی صاحب نے انجام دی۔
تقریب کے شعری دور میں پروفیسر خالد محمود صاحب نے مشاعرے کی صدارت فرمائی۔ اس موقع پر منیر ہمدم، اعجاز انصاری، جاوید نسیمی، سہیل آزاد، معین شاداب، اسرار راضی، خالد اخلاق، شاکر دہلوی، انیس قلب اور مسرت جہاں صاحبہ نے اپنا کلام پیش کرکے محفل کو رونق بخشی۔ معزز سامعین میں ادیبہ چشمہ فارقی صاحبہ، ریشما فارقی صاحبہ اور پروفیسر ابو ظہیر ربانی صاحب کی شرکت نے بھی تقریب کی ادبی اہمیت میں اضافہ کیا۔تقریب کا ایک اہم اور قابلِ ذکر مرحلہ ممتاز ادیب و نقاد پروفیسر شہپر رسول صاحب کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’اسعد بدایونی ایوارڈ‘‘ سے نوازا جانا تھا۔
اس موقع پر ان کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کی بانی اور صدر پروین شغف نے تمام معزز مہمانوں، اہلِ علم و ادب، شعراء اور سامعین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ ادب کی محبت، شرکت اور حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ بلاشبہ یہ تقریب اسعد بدایونی کی ادبی شخصیت اور شاعری کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک اہم کوشش تھی۔ اردو اور ہندی دونوں رسم الخطوط میں کتابوں کی اشاعت نے اس ادبی کاوش کو مزید معنویت عطا کی۔



