نئی دہلی 10نومبر: گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے ہندوستان سمیت پوری دنیا میں نفرت اور سماج کو تقسیم کرنے والی سیاست کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف کانگریس نے عالمی سطح پر ترقی پسند اور لبرل سیاسی پارٹیوں کو متحد کرنے کی پہل کی ہے۔ اسی سلسلے میں تلنگانہ کے حیدرآباد میں 13 اور 14 نومبر کو ’بھارت سمٹ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تقریباً 70 ممالک کے ایک ہزار مندوبین، پالیسی سازوں اور دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے اہم رہنما شرکت کریں گے۔ کانگریس لیڈران نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کر اہم جانکاریاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد نفرت اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ہندوستان اور دنیا کے مستقبل کے لیے ایک متبادل سیاسی ویژن پیش کرنا اور ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام پر سنجیدہ مکالمے کو آگے بڑھانا ہے۔
کانگریس کے شعبۂ خارجہ امور کے چیئرمین سلمان خورشید نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ سمٹ کے انعقاد میں کانگریس قیادت کی حمایت اور رہنمائی حاصل رہی ہے، جس کے لیے وہ قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ سمٹ 2 اہم تاریخی مواقع کے ساتھ منعقد ہو رہی ہے۔ پہلا موقع پنڈت جواہر لعل نہرو کی 137ویں یوم پیدائش کا ہے، جن کی سوچ اور نظریات آج بھی کانگریس میں خارجہ پالیسی کی تشکیل اور اس پر غور و فکر کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ دوسرا موقع ہندوستان کی آزادی کے 80ویں سال کا ہے۔
سلمان خورشید نے کہا کہ ’بھارت سمٹ‘ میں 70 ممالک سے تقریباً ایک ہزار مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں پالیسی سازوں کے علاوہ دنیا بھر کی ترقی پسند تحریکوں کے نمایاں رہنما بھی شامل ہوں گے۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد راہل گاندھی کے اس ویژن کی عکاسی کرنا ہے، جو وہ ہندوستان اور آنے والی دنیا کے لیے رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں اور ایک نئے عالمی نظام کے ظہور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ سمٹ میں 12 بین الاقوامی اجلاسوں کے علاوہ تلنگانہ سے متعلق آٹھ اہم اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔