نئی دہلی 10نومبر: سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلہ میں کہا ہے کہ اگر کسی سرکاری ملازم کو گرفتار کیا جاتا ہے اور وہ مسلسل 48 گھنٹے سے زیادہ وقت تک عدالتی حراست میں رہتا ہے تو اسے قوانین کے مطابق معطل تصور کیا جائے گا۔ اس کے لیے محکمہ کو الگ سے معطلی کا حکم جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے بہار کے ایک سرکاری اسپتال کے مینیجر کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ عدالت نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ رشوت کے معاملے میں ملزم ہونے اور معطلی کے باوجود اس ملازم کو اسی اسپتال میں اسی عہدہ پر دوبارہ بحال کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ بہار کے سمستی پور واقع صدر اسپتال کے ایک مینیجر کی ضمانت عرضی سے متعلق تھا۔ مینیجر پر الزام تھا کہ اس نے ایک شکایت کنندہ کی 36421 روپے کی مزدوری کی ادائیگی منظور کرنے کے بدلے 4000 روپے کی رشوت مانگی تھی۔ مینیجر کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 7(بی) کے تحت معاملہ درج کیا گیا اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد وہ تقریباً 15 دنوں تک عدالتی حراست میں رہا، بعد میں سیشن کورٹ نے اسے ضمانت دے دی۔ اس کے بعد شکایت کنندہ نے سیشن کورٹ کے ذریعہ دی گئی ضمانت کو پٹنہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ کی ضمانت منسوخ کر دی اور ملزم کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ اس حکم کے خلاف ملزم نے سپریم کورٹ میں اپیل کی۔
لڑکیوں کی خرید و فروخت کرنے والا گینگ بے نقاب، تین گرفتار
پریاگ راج، 10 نومبر (یواین آئی) اترپردیش کے پریاگ راج میں پولیس نے لڑکیوں کی خرید و فروخت کرنے والے ایک گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے سرغنہ بینا دیوی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گینگ کے ارکان ریلوے اسٹیشنوں کے آس پاس اکیلی یا گھر سے بھاگی ہوئی لڑکیوں کو مدد کا جھانسہ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے اور پھر انہیں یرغمال بنا کر دوسرے ریاستوں میں بیچ دیتے تھے۔ پولیس نے نینی کے قصائی محلے میں تقریباً 15 دن سے یرغمال بنا کر رکھی گئی کرچھنا کی ایک نوعمر لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔ اسے راجستھان میں بیچنے کی تیاری تھی۔
پولیس کے مطابق، لڑکی 24 اکتوبر کو اپنے دوست کے ساتھ گھر سے چلی گئی تھی. دوست اسے نینی کے ارېل میں واقع اپنی ایک سہیلی کے گھر چھوڑ کر چلا گیا۔ اگلے دن سہیلی اسے میوالال باغیہ لے گئی۔ وہاں سے لڑکی نے اپنے عاشق کو فون کیا، جس کے بعد وہ اسے اپنے ساتھ لے گیا۔ حالانکہ، اگلے دن عاشق اسے چهوکی ریلوے اسٹیشن پر چھوڑ کر گھر واپس لوٹ آیا۔
چهوکی ریلوے اسٹیشن پر اکیلی ملی لڑکی کی ملاقات پتیورا کے رہنے والے راجندر کمار سے ہوئی۔ الزام ہے کہ راجندر نے اسے مدد کا بھروسہ دلا کر نینی کے قصائی محلے میں رہنے والی بینا دیوی کے گھر پہنچا دیا۔ وہاں اسے یرغمال بنا لیا گیا اور راجستھان میں بیچنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ اس نیٹ ورک میں شیام نام کا شخص بھی شامل بتایا گیا ہے۔