بھوپال:12؍نومبر:صدر جمہوریہ شریمتی دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکولوں کے لیے بہترین کام کرنے پر مدھیہ پردیش محکمہ قبائلی امور اور ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکول منڈلا کو اعزاز سے نوازا۔ ایوارڈمحکمہ قبائلی امور کے پرنسپل سکریٹری اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے ایم پی سرس مسٹر گلشن بامرا نے حاصل کیا۔
حکومت ہند کی وزارت برائے قبائلی امور کی جانب سے کیے گئے جائزے کی بنیاد پر ریاست کے ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکولوں میں معیاری تعلیم اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے قابل قدر تعاون اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں مدھیہ پردیش اسپیشل اینڈ ریزیڈینشل اکیڈمک سوسائٹی (ایم پی سرس) کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔صدر جمہوریہ نے ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکولوں کے ہونہار طلبہ کے ساتھ بات چیت بھی کی۔ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکول منڈلا کو قومی سطح پر بہترین ایکلویہ اسکول کے لیے منتخب کیا گیا۔یہ اعزاز ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکول منڈلا کے صدر اور ضلع منڈلا کے کلکٹر مسٹر راہل نامدیو دھوٹے اور ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکول منڈلا کی پرنسپل شریمتی رینا نے بھی حاصل کیا۔ پروگرام میں مرکزی وزیر برائے قبائلی امور مسٹر جویال اورام اور وزیر مملکت مسٹر درگاداس اوئیکے، مرکزی وزارت برائے قبائلی امور کی سکریٹری شریمتی رنجنا چوپڑا، ایکلویہ ماڈل ہوسٹل اسکولوں کے اساتذہ اور ہونہار طلبہ موجود تھے۔
پروگرام حکومت ہند کی وزارت برائے قبائلی امور کی جانب سے ’جن جاتیہ گورو پکھواڑا‘ کے تحت منعقد کیا گیا تھا۔یہ پکھواڑا ہر سال بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔









