پیرس، 3 اپریل ( یو این آئی ) فرانس کی پولیس کی جانب سے پیرس میں مسلمانوں کے سالانہ اجتماع کو سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی پولیس کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ پیرس کے علاقے میں آنے والے دنوں میں ہونے والے مسلمانوں کے سالانہ اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ اسے سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ پیرس کے پولیس چیف کے مطابق وزیر داخلہ لوراں نونیز کی درخواست پر میں نے 3 اپریل سے 6 اپریل تک پیرس کے لے بورژے ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہونے والے فرانس میں مسلمانوں کے 40 ویں سالانہ اجتماع پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایک ایسے قومی اور بین الاقوامی تناظر میں کیا گیا ہے جہاں کشیدگی میں اضافہ، دہشت گردی کے خطرات میں اضافہ، بدامنی کے خدشات اور آنے والے دنوں میں سڑکوں پر پولیس کی بھاری موجودگی شامل ہے۔ اجتماع کا انتظام کرنے والے ادارے کے سربراہ مخلوف مامیچ نے فرانسیسی حکومت کے اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے پابندی کے حکم کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کی تنظیم اس فیصلے کے خلاف قانونی اپیل کرے گی۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جنگ مسلط کی گئی ہے جس کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کسانوں کی زمینوں پر منافع کما رہی ہے
موہالی، 3 اپریل (یو این آئی) پنجاب کے سابق وزیر صحت اور کانگریس کے سینئر لیڈر بلبیر سنگھ سدھو نے پنجاب حکومت اور جی ایم اے ڈی اے کی مبینہ من مانی کے خلاف موہالی کے دیہی علاقوں میں “بیداری مہم” تیز کر دی ہے۔









