نئی دہلی 29مارچ: کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے مودی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس پاکستان کو سابق امریکی صدور نے کوئی اہمیت نہیں دی تھی، اسے ٹرمپ اس قدر اہمیت دے رہے ہیں اور وزیر اعظم مودی اپنے دوست کو روک بھی نہیں پا رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پاکستان کے متعلق لکھا کہ ’’یہ ایک ایسا ملک ہے، جہاں جمہوریت ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔ یہ ایک ایسا ملک ہے جس کی معیشت بدحال ہے اور جو آئی ایم ایف سمیت چین اور سعودی عرب جیسے چند دیگر امداد دینے والے ممالک کی جانب سے ملی لائف لائن پر منحصر ہے۔ یہ ایک ایسا ملک ہے جسے دہائیوں سے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کے طور پر جانا جاتا رہا ہے، جو نہ صرف اپنے پڑوسیوں پر بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں حملے کرتے ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر نے مزید لکھا کہ ’’یہ ایک ایسا ملک ہے جس کے ساتھ امریکی صدر کلنٹن، بش، اوبامہ اور بائیڈن نے انتہائی سختی سے برتاؤ کیا تھا۔ اب نومبر 2008 میں ممبئی میں اپنے دہشت گردانہ حملے کے بعد الگ تھلگ پڑ جانے کے باوجود پاکستان کو ایک نئی قبولیت حاصل ہو گئی ہے۔‘‘ جے رام رمیش نے وزیر خارجہ کے بیان کا اعادہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ڈاکٹر ایس جے شنکر کے الفاظ میں پاکستان کا ’دلال‘ بن جانا آپریشن سندور میں ہندوستان کی شاندار فوجی کامیابی کے بعد مودی حکومت کی خارجہ پالیسی، سفارتی سرگرمی اور بیانیہ کے انتظام کی زبردست ناکامی کو دکھاتا ہے۔‘‘ جے رام رمیش نے آگے لکھا کہ ’’بلاشبہ صدر ٹرمپ (جو وزیر اعظم مودی کے اچھے دوست بتائے جاتے ہیں) نے پاکستان کی موجودہ قبولیت بڑھانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ لیکن وزیر اعظم مودی نے ایسا کیوں اور کیسے ہونے دیا، جبکہ وہ ستمبر 2019 میں ہیوسٹن کے ’ہاؤڈی مودی‘ اور فروری 2020 میں احمدآباد کے ’نمستے ٹرمپ‘ پروگرام کے ذریعہ وائٹ ہاؤس سے اپنے خصوصی تعلقات کی تشہیر کرتے رہے ہیں۔‘‘









