ڈربن (جنوبی افریقہ)،19 اپریل ( یو این آئی) جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی-20 میچ میں ہندوستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 17 گیندیں قبل آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی مستحکم برتری حاصل کر لی ہے۔148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے ہندوستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔ کپتان لورا وولوارٹ اور سنی لوس نے پہلی وکٹ کے لیے 106 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔لورا وولوارٹ نے34 گیندوں پر 54 رنز (7 چوکے، 1 چھکا) اسکور کیے۔سنی لوس 46 گیندوں پر 57 رنز (6 چوکے، 1 چھکا) بنا کر آؤٹ ہوئیں۔اگرچہ ہندوستانی اسپنر شریانکا پاٹل نے دونوں سیٹ بلے بازوں کو آؤٹ کیا، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ جنوبی افریقہ نے 17.1 اوورز میں ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ تزمن برٹس (20) اور اینری ڈکرسن (12) ناقابلِ شکست رہیں۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز بنا سکی۔اوپنر شیفالی ورما نے 38 گیندوں پر 57 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔انوشکا شرما (28)، اروندھتی ریڈی (14)، اسمرتی مندھانا (12) اور کپتان ہرمن پریت کور (12) ہی کچھ مزاحمت کر سکیں۔ ہندوستانی مڈل آرڈر جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا اور ٹیم کی چھ کھلاڑی دہائی کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔