نئی دہلی16جولائی:ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ مغربی ایشیا میں اب بھی بموں اور گولوں کی بارش جاری ہے۔ آبنائے ہرمز میں مسلسل بمباری ہو رہی ہے۔ اس دوران ہندوستان نے بھی احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ڈی جی ایم اے یعنی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم ایڈمنسٹریشن (DGMA) نے جہاز مالکان، جہاز مینیجرز اور ریکروٹمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سروس لائسنس رکھنے والی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے حکم تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ہندوستانی ملاحوں کو تعینات نہ کریں۔ یہ قدم خلیجی خطے میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ میری ٹائم ریگولیٹر ڈی جی ایم اے نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد تنازع والے علاقے میں چلنے والے تجارتی جہازوں پر مسلسل ہونے والے حملوں کے درمیان ہندوستانی ملاحوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ ڈی جی ایم اے نے کہا کہ حالیہ دنوں میں تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملوں نے اس علاقے میں کام کرنے والے ملاحوں اور تجارتی جہازوں کے لیے خطرات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
مجھے ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں، امریکی صدر ٹرمپ
واشنگٹن، 16 جولائی (یو این آئی) ایرانی پُلوں پر حملوں کی ڈیڈ لائن سے متعلق صحافیوں کے سوال پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اپنا رویہ بہتر کرنا چاہیے۔ ایران کو صورتحال کا علم ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی رہنما ملاقات کرنا چاہتا ہے، وہ معاملہ طے کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھیں گے کہ ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرتے ہیں یا نہیں۔ ایران کو جلد شکست دیں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران نے بائیڈن دور میں گرفتار امریکی خاتون کو چھوڑ دیا ہے، ایران کے اس خیرسگالی اقدام کو سراہتے ہیں۔









