لندن، 04 اگست (یواین آئی) اوول ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کو 6 رن سے جیت دلانے والے تیز گیند باز محمد سراج نے کہا ہے کہ مجھے ہمیشہ خود پر بھروسہ تھا کہ میں ٹیم کو میچ جتواؤں گا۔ آج میں نے خود سے وعدہ کیا کہ مجھے میچ کا رخ موڑنا ہے۔ہندوستان کے تیز گیند باز محمد سراج نے کہا کہ صبح اٹھنے کے بعد میرے دل میں آیا کہ میں یہ کر سکتا ہوں، میں نے گوگل سے ایک اسکرین شاٹ لیا اور اسے اپنا وال پیپر بنا لیا۔انگلینڈ پر چھ رنز سے حاصل ہونے والی سنسنی خیز جیت کے بعد پریس کانفرنس میں محمد سراج نے کہا:”ہر کھلاڑی نے سخت محنت کی اور ہم آخر تک ایک ساتھ لڑے۔ میری صرف یہی حکمت عملی تھی کہ مسلسل درست لینتھ پر گیند بازی کرتا رہوں۔پلیئر آف دی میچ قرار پانے والے سراج نے مزید کہا:”صبح اٹھ کر مجھے لگا کہ میں یہ کر سکتا ہوں، میں نے گوگل سے ایک تصویر کا اسکرین شاٹ لیا اور اسے اپنا وال پیپر بنا لیا۔ بروک کا وکٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا، اگر میں نے وہ کیچ پکڑ لیا ہوتا تو شاید میچ اس موڑ تک نہ پہنچتا۔ بروک نے شاندار اننگز کھیلی۔ لارڈز میں آؤٹ ہونا میرے لیے دل توڑنے والا لمحہ تھا، لیکن جڈیجا بھائی نے مجھے حوصلہ دیا اور کہا کہ کھیلتے رہو اور اپنے والد کو یاد کرو جنہوں نے تمہیں یہاں تک پہنچانے کے لیے بہت قربانیاں دیں۔