زیورخ (سوئٹزرلینڈ)، 2 اپریل (یو این آئی) مارچ کے بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کی بدولت فرانس نے تقریباً آٹھ سال بعد فیفا عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ برازیل اور کولمبیا کے خلاف دوستانہ میچوں میں فتوحات نے فرانس کو اسپین اور ارجنٹائن سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ ستمبر 2018 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ‘لیس بلیوز (فرانسیسی ٹیم) نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ ستمبر 2025 سے پہلے نمبر پر موجود اسپین، مصر کے خلاف مقابلہ 0-0 سے ڈرا ہونے کے بعد دوسرے نمبر پر کھسک گیا ہے، جبکہ عالمی چیمپئن ارجنٹائن تیسرے مقام پر آ گیا ہے۔دیگر ٹیموں میں انگلینڈ چوتھے نمبر پر برقرار ہے، جبکہ پرتگال نے برازیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ برازیل کی فرانس کے ہاتھوں شکست نے پرتگال کو ایک درجہ بہتری کا موقع دیا۔ ٹاپ 10 کی بقیہ ٹیموں میں نیدرلینڈز، مراکش، بیلجیم اور جرمنی اپنی پرانی پوزیشنوں پر برقرار ہیں۔
افریقی اور ایشیائی ٹیمیں:
مراکش 1,755.87 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے اور وہ بدستور افریقہ کی بہترین ٹیم ہے۔ سینیگال (14 ویں)، نائیجیریا (26 ویں)، الجزائر (28 ویں) اور مصر (29 ویں) براعظم افریقہ کی ٹاپ پانچ ٹیموں میں شامل ہیں۔
رینکنگ میں سب سے بڑی ترقی ویتنام نے کی ہے، جو ملائیشیا کے خلاف 1-3 سے جیت کے بعد نو درجے بہتری کے ساتھ 99 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس کے برعکس، ملائیشیا کو سب سے بڑی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ 17 درجے گر کر 138 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ عالمی فٹ بال میں فرانس کی یہ واپسی ان کی ٹیم کی بڑھتی ہوئی طاقت کی نئی پہچان بن کر ابھری ہے۔