بھوپال، 31 اکتوبر: محکمہ آبکاری کی ٹیموں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی شراب کی خرید و فروخت کے خلاف وسیع چھاپہ مار مہم چلائی۔ آبکاری کنٹرولر ورشا اوئیکے کے مطابق مدر انڈیا کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک عادی مجرم خاتون کے گھر سے بھاری مقدار میں غیر قانونی دیسی شراب برآمد کی گئی، جس پر ملزمہ کے خلاف مدھیہ پردیش ایکسائز ایکٹ 1915ء کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ رات میں ہی دو خصوصی ٹیموں نے گاندھی نگر اور بیرا گڑھ کے ہوٹلوں، ڈھابوں اور ریستورانوں کی تفصیلی جانچ کی۔اس دوران اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایکسائز آفیسر پریتی اوئیکے کی ٹیم نے بیرا گڑھ جین مندر کے پاس واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر غیر قانونی شراب ضبط کی، جبکہ سب انسپکٹر سواتی بگھیل کی قیادت میں کروند اور گاندھی نگر نئی بستی میں کارروائی کرتے ہوئے 500 لیٹر لہان برآمد کر کے تلف کیا گیا۔ اسسٹنٹ ایکسائز کمشنر وریندر سنگھ دھاکڑ نے بتایا کہ شہر میں دو پہیہ گاڑیوں کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کی سرکوبی کے لیے مخبروں کا نظام مزید فعال کر دیا گیا ہے، اور حال ہی میں حراست میں لیے گئے 3 نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر پورے گینگ کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔








