بھوپال 31 اکتوبر :ائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے سنیچر کو بھوپال میں واقع اپنی رہائش گاہ دفتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سیدھی، سنگرولی اور ڈنڈوری اضلاع میں تعینات بانڈڈ ڈاکٹروں سے تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے ڈاکٹروں کو دیہی علاقوں میں لگن، حساسیت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے قومی صحت پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کی ہدایات دیں۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکلا نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تعیناتی ڈاکٹروں کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کے ساتھ ہی ہندوستان کے دیہی ماحول میں صحت سے متعلق چیلنجوں کو قریب سے سمجھنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ڈاکٹر مقررہ وقت پر معیاری طبی خدمات فراہم کرکے مقامی شہریوں کا اعتماد حاصل کریں۔ اس کے لیے آشا، اے این ایم اور کمیونٹی ہیلتھ آفیسر (سی ایچ او) سمیت میدانی صحت عملے کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تال میل برقرار رکھیں۔
نائب وزیراعلیٰ شکل نے ٹی بی سے پاک ہندوستان مہم، قومی سکل سیل خاتمہ مشن، انیمیا سے پاک ہندوستان سمیت قومی صحت مشن کے مختلف پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کا فائدہ اہل مستحقین تک پہنچانے کے لیے باقاعدہ اسکریننگ، بروقت جانچ، علاج اور عوامی بیداری کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے زچگی اور بچوں کی اموات کی شرح (آئی ایم آر/ایم ایم آر) میں کمی لانے کے لیے خصوصی طور پر کام کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاملہ خاتون کی 100 فیصد زچگی سے قبل جانچ (اے این سی) یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم محفوظ زچگی مہم (پی ایم ایس ایم اے) کے تحت ہر ماہ کی 9 اور 25 تاریخ کو حاملہ خواتین کو مفت طبی جانچ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر عوامی بیداری پیدا کی جائے، تاکہ تمام حاملہ خواتین باقاعدہ جانچ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے ہائی رسک پریگننسی (ایچ آر پی) والی حاملہ خواتین کی 100 فیصد شناخت اور نشاندہی کرنے نیز تمام نشان زدہ خواتین کو بروقت ضروری طبی اداروں تک پہنچانا یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
اس کے لیے میدانی عملے کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے اور مقامی عوامی نمائندوں کے تعاون سے بیداری بڑھانے پر زور دیا۔
صحت خدمات کے تئیں شہریوں کا اعتماد بڑھانا ضروری
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ شہریوں میں طبی جانچ کے تئیں بیداری اور صحت خدمات سے فائدہ اٹھانے کا رجحان (ہیلتھ سیکنگ بیہیوئر) پیدا کرنا ضروری ہے۔ جب لوگوں کو وقت پر اچھی طبی خدمات ملیں گی تو صحت کے نظام پر ان کا اعتماد بڑھے گا اور وہ باقاعدہ جانچ کے لیے صحت اداروں تک پہنچیں گے۔ اس سے بیماریوں کی بروقت شناخت اور مناسب علاج ممکن ہوگا۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکلا نے طبی جانچ کے ہب اینڈ اسپوک ماڈل کو مؤثر بنانے اور ماہرین کی طبی خدمات کی دستیابی کے لیے ٹیلی میڈیسن اور ای سنجیونی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل صحت خدمات کی قبولیت بڑھنے سے دور دراز دیہی علاقوں میں بھی ماہر ڈاکٹروں کے مشورے اور جدید طبی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکلا نے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی جانب سے ’من کی بات‘ پروگرام میں ڈیجیٹل صحت خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ان کی افادیت کو اجاگر کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹیلی میڈیسن دور دراز علاقوں تک معیاری طبی خدمات پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
بانڈڈ ڈاکٹروں سے صحت خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں
تبادلہ خیال کے دوران بتایا گیا کہ سیدھی ضلع میں 16، سنگرولی میں 54 اور ڈنڈوری میں 21 نئے بانڈڈ ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان ڈاکٹروں کی تعیناتی سے متعلقہ علاقوں میں صحت خدمات کو تقویت ملی ہے۔ سیدھی ضلع کے پرائمری ہیلتھ سینٹر بنجاری میں تعینات ڈاکٹر سنجے گپتا نے بتایا کہ علاقے میں طویل عرصے سے طبی خدمات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ ان کی تعیناتی کے بعد مقامی شہریوں میں جوش و خروش بڑھا ہے اور او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکلا نے غیر متعدی بیماریوں (این سی ڈی) کی اسکریننگ کی بھی حوصلہ افزائی کرنے کی بات کہی۔ اس کے تحت ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور منہ و چھاتی کے کینسر کی مفت جانچ کی جاتی ہے۔ انہوں نے آیوشمان آروگیہ مندر کی خدمات کو بھی فعال بنانے پر زور دیا۔
دیہی علاقوں میں لوگوں کی خدمت کا موقع اطمینان فراہم کر رہا ہے
پرائمری ہیلتھ سینٹر برخرا میں تعینات ڈاکٹر آدتیہ گوتم نے بتایا کہ ان کی تعیناتی کے بعد او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈنڈوری ضلع کے پرائمری ہیلتھ سینٹر جام گاؤں میں تعینات ڈاکٹر شیتل بامنکے نے کہا کہ دیہی علاقے میں لوگوں کی خدمت کرنے کا موقع انہیں اطمینان فراہم کر رہا ہے۔ ابتدا میں لوگوں کو صحت خدمات کے بارے میں کم معلومات تھیں، لیکن اب رفتہ رفتہ شہری صحت مرکز پہنچ رہے ہیں اور او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ سنگرولی ضلع کے پرائمری ہیلتھ سینٹر گنّئی میں تعینات ڈاکٹر نتیش کمار گپتا نے بتایا کہ فی الحال روزانہ تقریباً 25 سے 30 مریض او پی ڈی میں پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ صحت خدمات کے تئیں بیداری بڑھنے کے ساتھ مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ پرائمری ہیلتھ سینٹر کورسر میں تعینات ڈاکٹر سبھاش سنگھ چندیل نے بتایا کہ علاقے میں طویل عرصے سے ڈاکٹر دستیاب نہیں تھا۔ ان کی آمد پر مقامی عوامی نمائندوں، سرپنچ، سابق سرپنچ اور دیہی باشندوں نے ان سے ملاقات کرکے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے پوری لگن کے ساتھ کوشش کریں گے۔
ڈاکٹروں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسران کو ہدایات دیں کہ تمام صحت اداروں میں باقاعدہ صفائی، ضروری معاون عملے اور دیگر بنیادی سہولیات کی خاطر خواہ دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے انتظامی اور محکمہ جاتی افسران کو بانڈڈ ڈاکٹروں کے لیے کام کرنے کی ضروری معاونت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
خدمت کے جذبے اور حساس رویے سے مریضوں کی آدھی تکلیف دور ہو جاتی ہے
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے دیہی علاقوں میں صحت خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے تمام بانڈڈ ڈاکٹروں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی باشندے ڈاکٹر کو کَل یْگ کا بھگوان مانتے ہیں، لیکن حقیقت میں اسی ڈاکٹر کو اس اعزاز کا مستحق سمجھا جانا چاہیے جو اپنے مریضوں اور دکھی انسانیت کو سب سے مقدم رکھتے ہوئے لگن اور خیرخواہی کے ساتھ ان کی خدمت کرتا ہے۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکلا نے کہا کہ ڈاکٹر کا رویہ، حساسیت اور شیریں گفتاری مریض کی آدھی تکلیف دور کر دیتی ہے۔ بہتر علاج کے ساتھ مریضوں کے تئیں اپنائیت اور عزت واحترام کا رویہ بھی انتہائی ضروری ہے۔ ڈاکٹر اپنے خدمت کے جذبے اور لگن سے دیہی باشندوں کا اعتماد جیتیں اور صحت خدمات کو ہر فرد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں۔
پنچایتوں کو سمن پروگرام کے لیے ترغیب دیں
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے افسران کو سمن پنچایت پروگرام پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پنچایتوں کو ترغیب دینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ زچگی اور ماں و بچے کی صحت خدمات کے تئیں پنچایت کی سطح پر بیداری اور شراکت داری بڑھائی جائے۔ انتظامی افسران اس سمت میں مقامی سطح پر تال میل قائم کریں۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں کلکٹر سیدھی مسٹر وکاس مشرا، کلکٹر ڈنڈوری محترمہ انجو پون بھدوریا، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت سنگرولی سمیت تینوں اضلاع کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسران اور متعلقہ محکمہ جاتی و انتظامی افسران موجود تھے۔








