بھوپال:16؍مئی:دیواس ضلع کی ٹونک خرد تحصیل کے گاؤں ٹونک کلا واقع پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے دھماکے اور آتشزدگی کے حادثہ کے معاملے میں پولیس اور ریوینیو محکمہ کے تین افسران کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حکم کے مطابق سونکچھ، ضلع دیواس کی سب ڈویزن افسر (پولیس) محترمہ دیپا مانڈے کو معطل کیا گیا ہے۔ کمشنر اجین ڈویزن سے موصولہ رپورٹ اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی سفارش کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ حکم میں ذکر کیا گیا ہے کہ متعلقہ افسر کی جانب سے حکومتی سطح پر وقتاً فوقتاً جاری ہدایات کے مطابق فیکٹری کے نفاذسے متعلق معائنہ نہیں کیے گئے۔ سینئر دفتر کو ضروری رپورٹیں بھی ارسال نہیں کی گئیں۔ حکومت نے اسے فرائض کے تئیں شدید لاپروائی اور بے حسی قرار دیا ہے۔
اسی سلسلے میں ڈویزنل کمشنر مسٹر آشیش سنگھ کی جانب سے ٹونک خرد کے ایس ڈی ایم مسٹر سنجیو سکسینہ اور ٹپّا چڑاوَد کے نائب تحصیلدار مسٹر روی شرما کو بھی فوری اثر سے معطل کیا گیا ہے۔ جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے متعلق معاملات میں حکومت کی جانب سے مقررہ معیار کے مطابق انتظامی معائنہ اور نگرانی نہیں کی گئی۔ معاملے میں سنگین لاپروائی پائی گئی۔
تمام افسران کے خلاف مدھیہ پردیش سول سروس (آچرن) قواعد، 1965 اور مدھیہ پردیش سول سروس (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) قواعد، 1966 کی دفعات کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
معطلی کی مدت کے دوران محترمہ دیپا مانڈے کا ہیڈکوارٹر پولیس ہیڈکوارٹر، بھوپال مقرر کیا گیا ہے۔ مسٹر سنجیو سکسینہ اور مسٹر روی شرما کا ہیڈکوارٹر کلکٹر دفتر، دیواس رہے گا۔ تمام افسران کو قواعد کے مطابق گزارہ بھتہ حاصل کرنے کی اہلیت رہے گی۔









