لندن، 06 مئی (یو این آئی) آئی ٹی ٹی ایف عالمی ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ 2026 میں مرد اور خاتون ٹیموں کی اپنے اپنے راؤنڈ آف 32 مقابلوں میں شکست کے ساتھ ہی ہندوستان کی مہم ختم ہو گئی ہے۔
او وی او ایرینا ویمبلے میں کھیلے گئے ان مقابلوں میں ہندوستانی خاتون ٹیم کو امریکہ کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مردوں کی ٹیم کو آسٹریا نے 0-3 سے ہرا دیا۔ آسٹریا کے خلاف پہلے میچ میں دنیا کے 51 ویں نمبر کے کھلاڑی مانوش شاہ نے اچھا مقابلہ کیا، لیکن وہ اولمپین رابرٹ گارڈوس سے 2-3 (6-11، 11-7، 11-3، 8-11، 13-11) سے ہار گئے۔ اس کے بعد ہندوستان سنبھل نہ سکا؛ مانو ٹھکر کو ڈینیئل ہیبیسون نے 0-3 سے اور جی ساتھیان کو اینڈریاس لیوینکو نے 0-3 سے ہرا کر ہندوستان کی مردوں کی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ اس سے قبل گروپ مرحلے میں ہندوستانی مردوں نے تیونس، گوئٹے مالا اور سلوواکیہ کو ہرا کر اپنے گروپ میں ٹاپ کیا تھا۔ خواتین کے زمرے میں یشسونی گھورپڑے کو سیلی موئلینڈ کے خلاف 0-3 سے شکست ہوئی۔ تاہم، اسٹار کھلاڑی منیکا بترا نے جیسیکا ریئس لائی کو 1-3 سے ہرا کر ہندوستان کو برابری پر لا کھڑا کیا۔ لیکن اس کے بعد دیا چتالے اپنا میچ ہار گئیں۔ اور منیکا بترا بھی اپنے دوسرے میچ میں پہلا گیم جیتنے کے باوجود سیلی موئلینڈ سے 1-3 سے شکست کھا گئیں، جس کے ساتھ ہی ہندوستان کا سفر ختم ہو گیا۔ اس سے پہلے ہندوستانی خواتین نے یوکرین، یوگانڈا اور روانڈا پر جیت حاصل کر کے اسٹیج 2 کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔









