بھوپال:11؍جولائی:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اتوار کو ضلع بھنڈ کے لہار میں منعقد ہونے والے ریاستی سطح کے پروگرام میں وزیراعلیٰ لاڈلی بہنا یوجنا” کے تحت ریاست کی تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ 15 ہزار سے زائد بہنوں کے بینک کھاتوں میں سنگل کلک کے ذریعہ 1835 کروڑ روپے سے زائد کی رقم براہ راست منتقل کریں گے۔ مدھیہ پردیش حکومت کی اس انتہائی مقبول عام اسکیم کے تحت مستفید خواتین کو اسکیم کے آغاز سے اب تک کی 38ویں باقاعدہ ماہانہ قسط ادا کی جائے گی۔
ریاستی حکومت کی جانب سے نومبر 2025 سے اس ماہانہ مالی امدادی رقم میں 250 روپے کا اضافہ کیے جانے کے بعد تمام اہل مستفید خواتین کو ہر ماہ 1,500 روپے کی مسلسل مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اسکیم کے آغاز یعنی جون 2023 سے جون 2026 تک حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 37 باقاعدہ قسطیں کامیابی کے ساتھ منتقل کی جا چکی ہیں۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو پروگرام میں 238.96 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 40 مختلف ترقیاتی کاموںکا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی، علاقے کے بنیادی ڈھانچے کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق مزید مضبوط بنانے کے لیے 83.33 کروڑ روپے کی لاگت والے 16 نئے عوامی فلاحی پروجیکٹوںکا بھومی پوجن اور سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔