بھوپال، 11 جولائی: مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی مسلسل جمہوری اداروں کو کمزور کر کے جمہوریت کا قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے راجیہ سبھا انتخابات سے لے کر وجے پور اسمبلی ضمنی انتخاب اور اب دتیا اسمبلی حلقے کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بی جے پی جمہوری اقدار پر یقین نہیں رکھتی۔ جیتو پٹواری نے کہا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں جس طرح سیٹ چھینی گئی اور راجیندر بھارتی کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا، ان سب نے جمہوریت کو گہرا زخم پہنچایا ہے، اور عوام بی جے پی کی خرید و فروخت کی سیاست کو اچھی طرح دیکھ رہی ہے۔
صوبائی کانگریس صدر نے دتیا کے حالیہ واقعات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے وہاں کی امن و قانون کی صورتحال اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ چھوٹی چھوٹی گاڑیوں اور واقعات کو کنٹرول نہیں کر پا رہے ہیں، تو ان کی غیر جانبدارانہ انتخاب کرانے کی صلاحیت پر شک ہونا لازمی ہے۔ جیتو پٹواری نے انتخابی کمیشن سے اپیل کی کہ وہ دتیا ضمنی انتخاب کی ہر سرگرمی پر خصوصی نگرانی رکھے تاکہ انتظامیہ بغیر کسی دباؤ یا جانبداری کے کام کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کا اندرونی تنازع اس کا ذاتی معاملہ ہے، لیکن ٹکٹ کی تقسیم کے بعد بی جے پی دفتر کا گھیراؤ اور سڑک جام کرنے کے باوجود انتظامیہ کا خاموش رہنا اس کی سنگین ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دتیا کی عوام جمہوریت کا ساتھ دیتے ہوئے کانگریس کے حق میں ووٹ کرے گی۔