نئی دہلی یکم جون: منی پور میں جاری کشیدگی اور سیکورٹی چیلنجز کے درمیان مرکزی حکومت نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاست میں سی آر پی ایف کی خصوصی ’کوبرا‘ بٹالین کی 2 یونٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مئی 2023 میں تشدد شروع ہونے کے بعد پہلی بار کوبرا بٹالین کو منی پور بھیجا جا رہا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق ایک بٹالین آسام اور دوسری مغربی بنگال سے منی پور بھیجی جائے گی۔ سی آر پی ایف کی تجویز پر غور و خوض کرنے کے بعد وزارت داخلہ نے اس تعیناتی کو منظوری دی ہے۔ منی پور کے دور دراز اور گھنے جنگل والے علاقوں میں سیکورٹی مہم چلانے کے لیے کوبرا بٹالین کی خاص ٹریننگ کافی مددگار ثابت ہوگی۔ کوبرا یعنی ’کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن‘ 2008 میں تشکیل دی گئی تھی۔ یہ سی آر پی ایف کی ایک خصوصی کمانڈو یونٹ ہے، جسے جنگل کی جنگ، گوریلا آپریشن، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور دور دراز علاقوں میں مہم چلانے کی تربیت دی جاتی ہے۔
افسران کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس تجویز کے مطاق ریاست میں آپریشن کے لیے کوبرا کی 207ویں یونٹ (مغربی بنگال سے) اور 210ویں یونٹ (آسام سے) تعینات کی جائیں گی۔ امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں یہ دونوں یونٹ منی پور پہنچ جائیں گی۔ یہاں وہ تشدد میں شامل مسلح گروہوں کے خلاف ہدف پر مبنی مہم چلائیں گی۔