بھوپال، 18 اپریل: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ہفتہ کے روز ’ادھیاپک-شکشک سنیکت مورچہ‘ کے بینر تلے پوری ریاست سے آئے ہوئے اساتذہ نے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ’وزیر اعلیٰ انرودھ یاترا‘ کے تحت بی ایچ ای ایل کے دسہرہ میدان میں منعقدہ اس احتجاج میں ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے 50 ہزار سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ اساتذہ نے ایم پی نگر کے ایس ڈی ایم ایل کے کھرے کو میمورنڈم سونپ کر اپنے مطالبات پیش کیے اور پرامن طریقے سے احتجاج ختم کیا۔ آزاد ادھیاپک سنگھ کے صدر بھرت پٹیل اور سنیکت مورچہ کے رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر جلد فیصلہ نہ لیا گیا تو جون کے مہینے میں ریاست بھر میں ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی۔
مورچہ کے کنوینر جگدیش یادو اور دیگر عہدیداروں نے احتجاج کے دوران کہا کہ پہلے سے ملازمت کر رہے اساتذہ کو دوبارہ ’ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ‘ دینے کے لیے مجبور کرنا سراسر غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 سے 25 سال کی خدمات انجام دینے کے بعد ایسی نئی شرائط تھوپنا ناانصافی ہے، کیونکہ تقرری کے وقت تمام اساتذہ نے ضروری اہلیتیں پوری کی تھیں۔ اساتذہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اگر حکومت امتحان لینا ہی چاہتی ہے تو اساتذہ کو پڑھائی کے لیے کافی وقت دیا جائے اور انہیں مردم شماری جیسے غیر تعلیمی کاموں میں نہ لگایا جائے۔ اساتذہ کے مطابق سپریم کورٹ کے حالیہ حکم سے ریاست کے 90 سے 95 فیصد اساتذہ متاثر ہوئے ہیں، جو کم تنخواہ پر بھرتی ہوئے تھے اور آج بھی پنشن، گریجویٹی اور سروس کی مدت کے درست حساب کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
سنیکت مورچہ نے حکومت پر الزام لگایا کہ تقرری کی اصل تاریخ سے سروس کی مدت کا حساب نہیں لگایا جا رہا، جس کی وجہ سے اساتذہ کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اب TET کی شرط لازمی قرار دینے سے ان پر ذہنی دباؤ بڑھ رہا ہے اور مستقبل میں پنشن و گریجویٹی کم ملنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ احتجاج کے دوران دسہرہ میدان میں اتنی بھیڑ تھی کہ پنڈال چھوٹا پڑ گیا اور سیکڑوں اساتذہ کو درختوں کے نیچے بیٹھ کر کارروائی سننی پڑی۔ پولیس کی بیریکیڈنگ کے باعث اساتذہ کو اپنی گاڑیاں کافی دور کھڑی کر کے پیدل ہی پنڈال تک پہنچنا پڑا۔ واضح رہے کہ یہ احتجاج 8 اپریل کو ضلع سطح اور 11 اپریل کو بلاک سطح پر ہونے والی تحریکوں کا تسلسل تھا، جس میں منوہر دوبے، راکیش دوبے اور پرمانند ڈہیریا سمیت کئی اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔