احمد آباد، یکم مئی (یو این آئی) رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے تیز گیند باز بھونیشور کمار نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف تین وکٹ حاصل کرتے ہوئے پرپل کیپ پر قبضہ جمالیا ہے۔ اس سیزن میں انہوں نے پانچویں بار تین وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔
بھونیشور کمار نے جمعرات کی رات گجرات ٹائٹنز کے خلاف 28 رن دے کر تین وکٹ لینے کے ساتھ ہی اس سیزن میں اپنے کل 17 وکٹ مکمل کر لیے ہیں۔ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے ایشان ملنگا 15 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔کاگیسو ربادا کے ہاتھ جمعرات کو ایک ہی وکٹ آیا اور وہ 14 وکٹوں کے ساتھ راجستھان رائلز (آر آر) کے جوفرا آرچر اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے انشل کمبوج کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہیں اورنج کیپ کے تعلق سے اس میچ میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی، کیونکہ وراٹ کوہلی نے 28 اور شبھمن گل نے 43 رن بنائے لیکن یہ کافی نہیں تھا۔ بی سائی سدرشن بھی صرف چھ رن ہی بنا سکے۔اس کے نتیجے میں بدھ کی رات تک پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والے ابھشیک شرما، ہینرک کلاسن اور ویبھو سوریہ ونشی اپنے اپنے مقامات پر برقرار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ تینوں واحد بلے باز ہیں جنہوں نے 400 سے زیادہ رن بنائے ہیں۔ کوہلی 379 رنوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر قابض ہیں۔