لندن،20 مارچ (یواین آئی) انگلینڈ میں کرکٹ کے نئے سیزن کے آغاز سے قبل ہی منتظمین کو ایک غیر معمولی چیلنج کا سامنا ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ (خلیجی خطے) میں جاری حالیہ جنگی صورتحال اور فضائی راستوں کی بندش کی وجہ سے مشہور ‘ڈیوک کرکٹ گیندوں کی سپلائی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق، مینوفیکچررز فی الحال کاؤنٹی کلبوں کو ان کے کوٹے کی صرف 50 فیصد گیندیں فراہم کر پا رہے ہیں۔ جنگی حالات کے باعث خلیج کے راستے متاثر ہونے سے ایئر فریٹ چارجز 5 ڈالر سے بڑھ کر 15 ڈالر فی کلوگرام تک پہنچ گئے ہیں۔ ڈیوک گیندوں کا چمڑا برطانیہ میں تیار ہوتا ہے، لیکن ان کی سلائی کے لیے انہیں جنوبی ایشیا بھیجا جاتا ہے۔ واپسی پر خلیجی ممالک کے فضائی راستوں میں رکاوٹ کی وجہ سے تیار گیندوں کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انگلینڈ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا سیزن 3 اپریل سے شروع ہونے والا ہے، جس کے لیے ہر سال تقریباً 4 سے 5 ہزار گیندوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ سیزن کے آغاز تک ضروری اسٹاک مکمل کر لیا جائے۔









