اسلام آباد، 19 ستمبر (یواین آئی) پاکستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں 13 رن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک ایک سے برابر ی کرلی۔ٹی20 بین الاقوامی تاریخ میں پاکستان کی خاتون ٹیم نے اپنا سب سے بڑا ا اسکور 181 بنایا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز ہی بناسکی۔اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 177 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ تھا جو انہوں نے جون 2018 میں ملائیشیا کے خلاف کوالالمپور میں بنایا تھا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پاکستان کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا، گل فیروزہ 2 چوکوں کی مدد سے10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں، منیبہ علی نے مثبت اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی تاہم ڈیرکسن نے ان کی 34 گیندوں پر 45 رنز کی عمدہ اننگز کا خاتمہ کردیا جس میں6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔سدرہ امین 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے28 رنز بناکر سونے لیز کی گیند پر بولڈ ہوگئیں، ندا ڈار اور کپتان فاطمہ ثنا چوتھی وکٹ کی شراکت میں 60 قیمتی رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں، ندا ڈار نے 29 رنز اسکور کیے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔فاطمہ ثنا نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے جبکہ عالیہ ریاض نے سات گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز اسکور کیے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔جنوبی افریقہ کی اننگز میں سونے لیز چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے53 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، کلوئے ٹراؤن نے 30 رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا، کپتان لورا وولوارٹ نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔فاسٹ بولر تسمیہ رباب کپتان فاطمہ ثنا کی جگہ کنکشن کھلاڑی کے طور پر فیلڈ میں آئیں۔یاد رہے کہ فاطمہ ثنا کے چہرے پر فیلڈنگ کے دوران گیند لگی تھی, ان کی غیرموجودگی میں منیبہ علی نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی۔پلیئر آف دی میچ ایوارڈ بھی منیبہ علی کے نام رہا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کے روز کھیلا جائے گا۔