بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کیا

0
7

راولپنڈی، 3 ستمبر (یو این آئی) حسن محمود اور ناہید رانا کی عمدہ گیند بازی اور پھر ذاکر حسن (40)، نجم الحسن شانتو (38) اور مومن الحق (34) کی جدوجہد سے پر اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے منگل کے روز پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے کردو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی۔ آج دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے دوسری اننگ میں کل کے اسکور 42 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ابھی ٹیم کا اسکور 70 رنز تک پہنچا تھا کہ میر حمزہ نے ذاکر حسن (40) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شادمان اسلام (24) خرم شہزاد کا شکار بنے۔ مومن الحق کے ساتھ مل کر کپتان نجم الحسن شانتونے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان 57 رنز کی شراکت ہوئی۔ آغا سلمان نے نجم الحسن شانتو (38) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے باوجود بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ مومن الحق (34) رن بناکرآؤٹ ہوئے۔ مشفق الرحیم (22) اور شکیب الحسن (17) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش نے 56 اوورز میں 185 رنز بنائے اور میچ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو حسن محمود (پانچ وکٹ) اور ناہید رانا (چار وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کے دم پر بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسری اننگ میں 172 رن پر آل آؤٹ کردیا اوراسے 184 رنز کا ہدف ملا۔ بارش شروع ہونے سے پہلے بنگلہ دیش نے دوسری اننگ میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 42 رنز بنا لیے تھے۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں صائم ایوب (20)، شان مسعود (28)، بابر اعظم (11)، سعود شکیل (ایک) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت 81 کے اسکور پر پاکستان کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایسے وقت میں محمد رضوان (43) اور آغا سلمان ناٹ آؤٹ (47) نے دوبارہ اننگ کو سنبھالا۔ حسن محمود نے 37ویں اوور میں محمد رضوان کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اس کے بعد کے چار بلے باز تو چل میں آیا کی طرز پرایک ایک کر کے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی دوسری اننگ 46.4 اوورز میں 172 رن پر سمٹ گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے پانچ اور ناہید رانا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تو بنگلہ دیش نے سات اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 42 رنز بنا لیے تھے اور اسے جیت کے لیے ابھی 148 رنز درکار تھے۔ اتوار کو لٹن کمار داس (138) سنچری اور مہدی حسن میراز (78) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگ کی بنیاد پر 12 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد حسن محمود کی شاندارگیندبازی کے دم پر پاکستان پر دباؤ بنایاتھا۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی گیندباز خرم شہزاد کی خطرناک گیندبازی (90 رنز پر چھ وکٹ) کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم کے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ محض چار کھلاڑی ڈبل فیگر تک پہنچے جس میں سنچری بنانے والے کے علاوہ مہدی حسن میرازا نے (78) اورحسن محمود ناٹ آؤٹ (13) اور شادمان اسلام 10 رن شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کو 11 اضافی رنز ملے ہیں۔ بنگلہ دیش کی اننگ 78.4 اوورز میں 162 کے اسکور پر سمٹ گئی۔پاکستان کو پہلی اننگ کی بنیاد پر 12 رنوں کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چھ اور میر حمزہ اور آغا سلمان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔