نئی دہلی، 4 جولائی (یو این آئی) ٹی -20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد خصوصی طیارے ‘چیمپئنز ورلڈ کپ 24’ سے جمعرات کی صبح وطن پہنچنے والی ہندوستانی کرکٹ کا اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شائقین کی موجودگی میں شاندار استقبال کیا گیا۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کئے گئے ویڈیوز کے مطابق آج صبح آئی جی آئی ایئرپورٹ پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اپنے ہاتھوں میں ٹرافی لے کر باہر آئے۔ اس کے بعد روہت نے وہاں موجود مداحوں کی بڑی تعداد کو ٹرافی کی جھلک دکھا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد کرکٹ ٹیم آئی ٹی سی موریا پہنچی تو وہاں ڈھول کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ اس دوران کپتان روہت شرما سمیت کئی کھلاڑی ڈھول کی تھاپ پر تھرکتے نظر آئے۔بی سی سی آئی کی جانب سے پوسٹ کئے گئے ویڈیو میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ سفر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔قابل ذکر ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم بارباڈوس میں سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے پھنس گئی تھی۔ طوفان کے تھمنے کے بعد ٹیم آج خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچی۔

بھارتیہ کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کی
نئی دہلی، 04 جولائی (یو این آئی) ٹی -20 ورلڈ کپ جیت کر جمعرات کی صبح وطن واپس لوٹنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان آج صبح خصوصی طیارے ‘چیمپیئنز ورلڈ کپ 24’ کے ذریعے نئی دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر اترے۔ انہیں پہلے خصوصی بس میں ہوٹل اور پھر وزیر اعظم کی رہائش گاہ سات کلیان مارگ تک لایا گیا۔ وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو میں روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کے ارکان کو ٹی-20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹرافی کے ساتھ جوش اور خوشی کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے امریکہ اور کیریبین ممالک میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس کے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ اس دوران ہنسی مذاق کا سلسلہ بھی جاری رہا۔روہت شرما اور ٹیم کے کوچ راہل ڈراوڑ نے وزیر اعظم مودی کو ٹرافی سونپی۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹرافی اور وزیراعظم کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔ اس میٹنگ میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر راجر بنی اور سکریٹری جے شاہ بھی موجود تھے۔
مسٹر مودی سے ملاقات کے بعد ہندوستانی ٹیم طے شدہ پروگرام کے مطابق نئی دہلی سے ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ قبل ازیں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شائقین کی موجودگی میں ہندوستانھھی کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہاں سے ٹیم ہوٹل آئی ٹی سی موریہ پہنچی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما، جو آج صبح آئی جی آئی ایئرپورٹ پہنچے، ٹرافی ہاتھوں میں لے کر باہر آئے۔ اس کے بعد روہت نے وہاں موجود مداحوں کی بڑی تعداد کو ٹرافی کی جھلک دکھا کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد جب کرکٹ ٹیم آئی ٹی سی موریہ پہنچی تو وہاں ڈھول بجا کر ان کا استقبال کیا گیا۔ اس دوران کپتان روہت شرما سمیت کئی کھلاڑی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے نظر آئے۔