فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا سپر ایٹ میں داخلہ

0
13

ٹروبا، 13 جون (یو این آئی) شرفین ردرفورڈ کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری (68) اور پھر الزاری جوزف کے چار وکٹوں اور گڈاکیش موتی تین وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ٹی -20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو 13 رن سے شکست دے دی۔ اس تیسری جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم سپر ایٹ میں پہنچ گئی ہے۔ویسٹ انڈیز کے 149 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور تیسرے ہی اوور میں ڈیون کونوے (5) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ جوزف نے چھٹے اوور میں فن ایلن (26) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو دوسری کامیابی دلائی۔ کپتان کین ولیمسن (1) اور راچن رویندرا (10) کو گڈاکیش موتی نے آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ 11ویں اوور میں موتی نے ڈیرل مچل (12) کو بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو پانچواں دھچکا دیا۔ جمی نیشم (10)، ٹرینٹ بولٹ (7) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس نے 33 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگا کر سب سے زیادہ رن (40) بنائے۔ مچل سینٹنر 21 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 136 رن بنا سکی اور 13 رن سے میچ ہار گئی۔ اس شکست کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔ ویسٹ انڈیز کے ردرفورڈ کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 19 رن کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ گڈاکیش موتی نے 25 کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔ عقیل حسین اور آندرے رسل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے ہی اوور میں جانسن چارلس (0) کا وکٹ گنوانے اور پھر 30 کے اسکور پر اپنے پانچوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مشکل میں پڑ گئی۔
نکولس پوران (17)، روسٹن چیس (0)، کپتان روومین پاول (1) اور برینڈن کنگ (9) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایسے وقت میں شیرفین ردرفورڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 39 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 68 رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ عقیل حسین (15)، آندرے رسل (14) اور روماریو شیفرڈ (13) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں پر 149 رن بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تین وکٹ حاصل کئے۔ ٹم ساؤتھی اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جمی نیشم اور مچل سینٹنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔