چنئی، 24 اپریل (یو این آئی) چنئی سپر کنگز کے کپتان روتوراج گائیکواڑ نے کہا کہ اوس کی وجہ سے ہمارے اسپنر ز مقابلے سے باہر ہو گئے اور ہمیں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس میچ میں سنچری بنانے والے چنئی سپر کنگز کے کپتان رتوراج نے کہا،یہ شکست کڑوے گھونٹ کی طرح ہے، لیکن اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔ لکھنؤ نے آخری اووروں میں اچھا کھیلا اور میچ ہم سے چھین لیا۔ 13-14 اوورز تک کھیل ہمارے کنٹرول میں تھا، لیکن مارکس اسٹوئنس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ اس کے علاوہ اوس نے بھی اس میچ میں اہم کردار ادا کیا۔ ہمارے اسپنرز اوس کی وجہ سے میچ میں اپنی گرفت مضبوط نہیں کرسکے لیکن آپ ان سب چیزوں پر قابو نہیں پا سکتے۔ رتوراج نے کہا، ’’ہم نے پاور پلے میں ہی اپنا دوسرا وکٹ گنوادیا تھا، جس کی وجہ سے جڈیجہ کو چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آنا پڑا۔ ہمارے ذہن میں یہ واضح تھا کہ پاور پلے کے بعد اگر کوئی وکٹ گرتی ہے تو صرف دوبے ہی بلے بازی کے لیے آئیں گے۔ آپ کسی کو آؤٹ ہونے کے لیے نہیں کہہ سکتے ، کہ آوٹ ہوجاؤ اور کوئی دوسرا بلے بازی کے لئے آئے۔ انہوں نے کہا، “پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آپ اس سے زیادہ اسکور کی توقع نہیں کر سکتے۔ دوسری اننگز میں اوس پڑنے والی تھی، اس حساب سے یہ چیلنجنگ اسکور نہیں تھا۔ ایک دن پہلے پریکٹس سے معلوم ہو گیا تھا کہ اوس پڑےگی اور دوسری اننگز میں بلے بازی آسان ہو جائے گی۔ حریف ٹیم نے اچھی بلے بازی کی۔