میونخ، 22 اپریل (یو این آئی) ہندوستان کے یوکی بھامبری اور فرانس کے البانو اولیویٹی نے بی ایم ڈبلیو اوپن 2024 ٹینس ٹورنامنٹ میں ڈبلز کا خطاب جیت لیا ہے۔جرمنی کے میونخ میں اتوار کو غیر سیڈڈ بھامبری-اولیویٹی جوڑی نے ایک گھنٹہ 51 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میچ میں اینڈریاس میس اور جان لینارڈ اسٹرف کی جرمن جوڑی کو 7-6(6)، 7-6(5) سے شکست دی۔ یہ انڈو-فرانسیسی جوڑی کا پہلا خطاب ہے۔اس سے قبل سیمی فائنل میں بھامبری-اولیویٹی نے آسٹریا کے الیگزینڈر ایرلر اور لوکاس میڈلر کو 6-1، 6-7(5)، 10-7 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل میں انہوں نے امریکی جوڑی رابرٹ گیلوے اور ایوان کنگ کو 6-3, 6-3 سے شکست دی تھی۔ابتدائی راؤنڈ میں بھامبری-اولیوٹی جوڑی نے بیلجیئم کی تیسری سیڈ سینڈر گل اور جوران ولیگن کی جوڑی کو 95 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 4-6، 7-6(5)، 10-6 سے شکست دی۔مانا جا رہا ہے کہ اس جیت کے ساتھ ہی 31 سالہ بھامبری مردوں کی ڈبلز ٹینس رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین عالمی رینکنگ 56 ویں نمبر پر پہنچ جائیں گے۔اس جیت کے ساتھ ہی یوکی بھامبری باویرین انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ جیتنے والے پہلے ہندوستانی ٹینس کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یہ ہندوستانی ٹینس کھلاڑی کا اے ٹی پی ٹور پر دوسرا خطاب ہے۔