بھوپال:24؍نومبر:کھیل کے میدان میں شہڈول کی بیٹیاں مسلسل اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں شہڈول کی دو باصلاحیت کم عمر باسکٹ بال کھلاڑیوں، کماری آرادھیا دویدی اور کماری داکشی سنگھ کا 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کے زمرے کے قومی باسکٹ بال مقابلے کے لیے مدھیہ پردیش کی ٹیم میں انتخاب ہوا ہے۔ دونوں کھلاڑیاں گڈ شیفرڈ کانونٹ اسکول شہڈول میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ان کا انتخاب ریاستی سطح کے باسکٹ بال مقابلے میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ قومی مقابلے کا انعقاد 9 سے 12 دسمبر تک تمل ناڈو کے کوٹاگیری میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل منتخب کھلاڑیوں کے لیے 3 سے 7 دسمبر تک گنا میں پری نیشنل تربیتی کیمپ منعقد کیا جائے گا۔
کماری داکشی سنگھ، والد مسٹر شیلش سنگھ اور والدہ محترمہ درشی سنگھ کی صاحبزادی ہیں۔ وہ گڈ شیفرڈ کانونٹ اسکول شہڈول میں چھٹی جماعت کی طالبہ ہیں۔ داکشی گزشتہ چھ برسوں سے ضلعی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی باقاعدہ کھلاڑی کی حیثیت سے مشق کر رہی ہیں۔ وہیں کماری آرادھیا دویدی، والد مسٹر امیت دویدی اور والدہ محترمہ کلپنا دویدی کی صاحبزادی ہیں اور اسی اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہیں۔ آرادھیا گزشتہ 10 برسوں سے ضلعی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی باقاعدہ کھلاڑی ہیں۔ کم عمری سے ہی باسکٹ بال کے تئیں دلچسپی، مسلسل مشق اور کھیل کے لیے لگن نے دونوں کھلاڑیوں کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ ریاستی سطح کے باسکٹ بال مقابلے کا انعقاد 16 سے 20 نومبر تک گنا میں کیا گیا تھا۔ اس مقابلے میں شہڈول ڈویڑن کی 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پول کے تمام مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ شہڈول کی ٹیم نے پہلے مقابلے میں نرمداپورم ڈویڑن کو 37-0 سے شکست دی۔ دوسرے مقابلے میں گوالیار ڈویڑن کو 10 پوائنٹس سے ہرایا، جبکہ تیسرے میچ میں محکمہ قبائلی امور کی ٹیم کو 15 پوائنٹس سے شکست دی۔ پول کے آخری مقابلے میں اجین ڈویڑن کو 22 پوائنٹس سے شکست دے کر شہڈول کی لڑکیوں نے اپنے پول میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اسی مقابلے میں ان کی کھیل کی کارکردگی کی بنیاد پر آرادھیا اور داکشی کو قومی مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
کماری آرادھیا دویدی اس سے پہلے بھی ایس جی ایف آئی کے دو قومی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں۔ اس کے علاوہ اسی سال آندھرا پردیش میں منعقدہ اوپن نیشنل باسکٹ بال مقابلے میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ آرادھیا کا یہ تجربہ قومی سطح پر شہڈول کی نمائندگی کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔شہڈول ڈویڑن میں باسکٹ بال کے کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کوچز کا بھی اہم کردار رہا ہے۔ قومی کوچ مسٹر کے۔ کے۔ شریواستو اور مسٹر ویریندر شریواستو کی جانب سے ڈویڑن کے تین الگ الگ کھیل کے میدانوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کو باقاعدگی سے تربیت دی جا رہی ہے۔
کوچز کی رہنمائی اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔
کہ شہڈول ڈویڑن کی ٹیمیں گزشتہ کئی برسوں سے ریاستی سطح کے مقابلوں میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال ڈویڑن کی 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کی باسکٹ بال ٹیم نے مدھیہ پردیش میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، وہیں اس سال 17 سال سے کم عمر لڑکیوں کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
ریاستی سطح کے مقابلے میں کھلاڑیوں نے جوائنٹ ڈائریکٹر، محکمہ تعلیمِ عامہ، شہڈول ڈویڑن، مسٹر امیش کمار دھروے، ضلعی تعلیمی افسر مسٹر اتل چودھری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کھیل مسٹر رئیس احمد خان اور ضلعی کھیل انسپکٹر مسٹر رام روپ پٹیل کی رہنمائی میں شرکت کی تھی۔ آرادھیا دویدی اور داکشی سنگھ کے قومی مقابلے کے لیے منتخب ہونے پر افسران، ضلعی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران، کوچز، اسکول انتظامیہ اور کھیلوں سے محبت کرنے والوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں، ان کے والدین اور کوچز کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ سبھی نے امید ظاہر کی ہے کہ شہڈول کی یہ بیٹیاں قومی مقابلے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ڈویڑن اور ریاست کا نام روشن کریں گی۔