بھوپال:24؍نومبر(پریس ریلیز) سماجی خدمت کے میدان میں گزشتہ 40 برسوں سے مسلسل خدمات انجام دینے والے معروف سماجی کارکن زاہد منصوری کو ان کے نمایاں سماجی کاموں کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔بھوپال کے ملن گارڈن میں منعقد ہونے والے اعزاز تقریب میں سیاحت ترقیاتی نگم کے سابق صدر، سابق کیبنٹ منسٹر (درجہ) اور سینئر آر ایس ایس رہنما تپن بھومک نے زاہد منصوری کو اعزاز پیش کیا۔
تقریب میں تپن بھومک نے زاہد منصوری کی چار دہائیوں پر محیط سماجی خدمات، عام افراد کی مدد اور ان کے مفادات کے لیے مسلسل جدوجہد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوری نے مختلف شعبوں میں سماج کی بہتری کے لیے قابلِ تعریف کام انجام دیے ہیں۔
یہ اعزاز تقریب سینئر بھارتیہ جنتا پارٹی رہنما توفیق احمد کی زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔ تقریب میں بھوپال نگر نگم کے کونسلر ڈاکٹر ریحان صدیقی، بھاجپا کے سیکرٹری جنرل مکیش رائے، سابق کونسلر وشنو راتھور سمیت بھوپال کے متعدد معزز شہریان موجود تھے۔
زاہد منصوری نے اس موقع پر کہا کہ سماج کی ترقی اور بہتری کے لیے تعلیم اور اجتماعی کوشش اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے تمام سماجی کارکنوں سے مل کر کام کرنے اور معاشرے کی خدمت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔









