بھوپال:20؍نومبر(پریس ریلیز)کسانوں، نوجوانوں، خواتین، قبائلیوں اور اقلیتوں کے مسائل، ووٹ چوری، چندہ چوری اور یکساں سول کوڈ (UCC) کے خلاف نیز حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کے خلاف سماج وادی پارٹی نے آج بھوپال میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں کئی کارکن زخمی ہوگئے، جبکہ بعض کو شدید چوٹیں بھی آئیں۔ کسانوں، نوجوانوں، خواتین، قبائلیوں اور اقلیتوں کے مسائل سمیت ووٹ چوری، چندہ چوری اور یکساں سول کوڈ کے خلاف احتجاج؛ پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا، متعدد کارکن زخمی بھی ہوئے۔
یہ احتجاج پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر منوج یادو کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں مدھیہ پردیش کے تمام اضلاع سے پارٹی کارکنوں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور اقلیتی طبقے کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سماج وادی پارٹی نے الزام لگایا کہ مدھیہ پردیش کی حکومت نے پولیس کو آگے کرکے مظاہرین کے ساتھ جس طرح کی بربریت کا مظاہرہ کیا ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور اکھلیش یادو کے سپاہی ہیں، وہ لاٹھی، گولی اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اس موقع پر حکومت کو مطالبات پر مشتمل میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔ ریاستی صدر ڈاکٹر منوج یادو نے وزیراعلیٰ موہن یادو کی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسمبلی اجلاس شروع ہونے سے پہلے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو سماج وادی پارٹی مدھیہ پردیش اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دے گی۔ احتجاج میں مدھیہ پردیش سماج وادی پارٹی اقلیتی شعبے کے ریاستی صدر توقیر نظامی کی قیادت میں مسلم سماج کے سیکڑوں افراد نے بھی شرکت کی۔