امبیڈکر نگر (اکبر پور) 20؍ نومبر :(پریس ریلیز) حقیقی زندگی کے بجرنگی بھائی جان اور معروف سماجی کارکن سید عابد حسین کو گزشتہ جمعرات 19؍ نومبر 2026 کواکبر پور بلاک، امبیڈکر نگر میں’ ‘پرم فاؤنڈیشن ‘کے زیر اہتمام منعقدہ’ ‘سدبھاؤنا کوی سمیلن اور مشاعرہ‘کے دوران انسان دوست سماجی خدمات کے لیے ’ پرم سیوا سمّان‘ سے نوازا گیا۔اس موقع پر اسٹیج پر ضلع کے ‘پہلے شہری پنچایت صدر سادھو ورما کے علاوہ ڈاکٹر متھلیش ترپاٹھی، ڈاکٹر آلوک پانڈے، امیت جیسوال، اور دھیریندر پانڈے موجود تھے۔
اس تقریب میں قومی اور ادبی دنیا کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں اردو کے معروف شاعر اتل اجنبی، لافٹر چمپئن فیم پرتاپ فوجدار، طنز نگار سرویش استھانہ، گیت نگار گجیندر پریانشو، گیت نگار مہیندر مدھور، سندیپ بھولا، ابھے نِربھیک ،دھریندر پانڈے اور پریتی پانڈے قابل ذکر ہیں۔ اس تقریب کے دوران امبیڈکر نگر کی کئی سرکردہ شخصیات کو بھی اعزاز سے نوازا گیا جن میں طبی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں۔
سید عابد حسین کی کو ششوں سے ابھی تک باہری ممالک میں پھنسےسینکڑوں تارک وطن مزدوروں کی وطن واپسی ممکن ہوئی ہے ۔علاوہ ازاںانھوں نےدیار غیر میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو بھی ہندوستان لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔سید عابد حسین نے اپنے آبائی ضلع امبیڈکر نگر، پرم فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم اور اپنے بچپن کے دوست امیت جیسوال سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کی خدمت کرنا ان کا جنون ہےاور ان کے آبائی ضلع سے کی جانے والی حوصلہ افزائی سےان کا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سماجی خدمت کے لیے ان کی لگن زندگی بھر جاری رہے گی۔